وقار یونس نے قومی ٹیم کی کپتانی کے لیے اظہر علی کا نام تجویز کر دیا
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ون ڈے ٹیم کی کپتانی کے لیے اظہر علی کا نام تجویز کر دیا ہے ۔اس کے علاوہ انہوں نے سلیکشن کمیٹی میں چیف سلیکٹر کے لیے سابق کپتان انضمام الحق ، راشد لطیف اور وسیم باری کے نام کی تجویز بھی دی ہے۔وقار یونس کی جانب سے تجویز کردہ کپتانی کے امیدوار اظہر علی سے متعلق حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ ایک روزہ ٹیم کے مستقل رکن نہیں اور انہیں ورلڈ کپ 2015 ءکے ٹیم سکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا۔اظہر علی نے اپنا آخری ایک روزہ میچ 2013 ءمیں کلکتہ کے مقام پر ہندوستان کے خلاف کھیلا تھا لیکن اس کے بعد سے وہ کسی بھی ایک روزہ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے۔دوسری جانب اظہر علی قومی ٹیسٹ ٹیم کے مستقل رکن ہیں اور اب تک 39 ٹیسٹ میچوں میں 41.31 کی اوسط سے سات سنچریوں اور 18 نصف سنچریوں کی مدد سے دو ہزار 851 رنز بنا چکے ہیں۔
آسٹریلیا سے شکست کے بعد بھارتی کپتان اپنے ہی میڈیا پر برس پڑے
ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ نے اپنی رپورٹ میں احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حفیظ کے رویوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کو درخواست کی ہے کہ ان تینوں کھلاڑیوں کو اپنے رویوں میں بہتری لانے کی ہدایت کی جائے۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے تجویز دی ہے کہ عمر اکمل ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلی بخش کارکردگی دکھانے تک ٹیم میں شامل نہ کیا جائے۔یاد رہے کہ دیگر بلے بازوں کے ساتھ ساتھ عمر اکمل کی بھی ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور وہ سات اننگز میں صرف 164 رنز بنانے میں کامیاب رہے جس میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 59 رنز رہا۔
اس کے علاوہ وقار یونس نے قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بھی ردوبدل کی درخواست کی ہے۔انہوں نے سابق بلے باز انضمام الحق، سابق وکٹ کیپر وسیم باری یا راشد لطیف میں سے کسی ایک کو چیف سلیکٹربنانے کی بھی تجویز پیش کی۔ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو پاور ہٹرز کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ پر نظر رکھنا ہوگی۔انہوں نے مزید تجویز پیش کی کہ اگر بورڈ کو قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانا ہے تو تمام مقامی ٹورنامنٹس میں دس سے زائد ٹیمیں شامل نہ کی جائیں۔
بھارت کی شکست نے پاکستانیوں کو ”موقع“ دیدیا
واضح رہے کہ کرکٹ ماہرین کی جانب سے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کپتان بنانے کی تجویز بھی دی گئی تھی لیکن وقار یونس کی جانب سے ان کا نام تجویز نہ کیے جانے پر اس خیال کو تقویت مل رہی ہے کہ قومی وکٹ کیپر سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ وقار یونس کے تعلقات آپس میں ٹھیک نہیں ہیں۔جس کی بناءپر انہوں نے سرفراز احمد کا نام بطور کپتان تجویز نہیں کیا گیا۔