امریکہ، دن سات اور میلے آٹھ (3)

امریکہ، دن سات اور میلے آٹھ (3)
 امریکہ، دن سات اور میلے آٹھ (3)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بیان ہو رہا ہے امریکہ میں جو مختلف ڈے (دن) منائے جاتے ہیں 13جولائی کو فرنچ فرائز کا دن ہے۔ آلو کو لمبائی میں کاٹ کر تلنا فرنچ فرائز ہیں۔ برطانیہ میں انہیں پوٹیٹو چپس کہتے ہیں جہاں فش اینڈ چپس مشہور ہیں۔ امریکہ میں آلو کے پتلے کرکرے قتلے چپس کہلاتے ہیں فرنچ فرائز کرکرے نہیں ہوتے۔ جب دہشت گردی کی جنگ میں شرکت سے فرانس نے بچنا چاہا تو امریکیوں نے کہا کہ آئندہ ہم فرنچ فرائز کو فرنچ نہیں کہیں گے، لیکن یہ مقبول عام نام تبدیل نہیں ہو سکا۔15جولائی ’’گھوڑوں سے پیار‘‘ کا دن ہے۔ گدھوں سے پیار کا دن شاید اس لئے نہیں منایا جاتا کہ گدھا ڈیمو کریٹک پارٹی کا انتخابی نشان ہے۔ ری پبلکنز اس دن کو ہرگز نہیں منائیں گے۔ جولائی کو آئس کریم کا قومی دن ہے۔ پچیس جولائی کو سوتی دھاگے کا دن ہے۔ چھبیس جولائی کو یوم والدین ہے۔ تیس جولائی کو چیز کیک کا دن ہے۔ یہی دن خسر کے حصے میں بھی آیا ہے۔ دو اگست کو دوستی کا دن ہے۔ چھ اگست کو اپنے پاؤں کے پنجے گھمانے کا دن ہے۔ یہ پاؤں کے پنجوں کی ورزش ہے۔ گیارہ اگست کو بیٹوں، بیٹیوں کا دن ہے۔ تیرہ اگست کو بائیں ہاتھ سے کام کرنے والوں کا دن ہے اسے 1976ء میں اختیار کیا گیا مقصد بائیں ہاتھ سے کام کرنے والوں کے خلاف معاندانہ رویہ ختم کرنا تھا۔ پندرہ اگست آرام (Relaxation) ڈے ہے۔ درمیان میں چودہ اگست خالی ہے۔ پاکستان کا یوم آزادی ہے اور کسی امریکی دن سے نہیں ٹکراتا۔ بھارت کا یوم آزادی امریکیوں کے لئے آرام کا دن ہے۔ سولہ اگست لطیفے سنانے کا دن ہے بھارتی یوم آزادی کو آرام کر کے اگلے دن سکھوں کے لطیفے سنائے جا سکتے ہیں۔ اُنیس اگست قومی ہوا بازی کا دن ہے۔ پچیس اگست روٹھے ہوؤں کو پپی کر کے منالینے کا دن یعنی (Kiss and Make happy) ہے۔ چھبیس اگست کو قومی یوم سگاں یعنی کتوں کا دن ہے۔ تیس اگست کو فرینکنسٹاٹین ڈے ہے۔ ناول فرینکنسٹائن لکھنے والی مصنفہ میری وولن سٹون شیلی کا یوم پیدائش ہے۔ چار ستمبر اخبار فروشوں (Newspapers Carriers) ڈے ہے۔ یہ اخبار تقسیم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے منایا جاتا ہے 1833ء میں ’’نیویارک سن‘‘ نے برنی فلے ہرٹ کو پہلا اخبار فروش یا تقسیم کار مقرر کیا تھا۔ سات ستمبر کو امریکہ میں یوم مزدور منایا جاتا ہے اور اس دن شکاگو کے مزدوروں کو کوئی یاد نہیں کرتا۔ نو ستمبر کو کپڑے سے بنے ہوئے بھالو کا دن ہے، گیارہ ستمبر کو حب وطن کا دن قرار دیا گیا ہے۔ یہ نائین الیون کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ بارہ ستمبر کو چاکولیٹ ملک شیک ڈے ہے۔ تیرہ ستمبر کو دادا دادای، نانا نانی کا دن ہے۔ اس سال اسی دن سے یہودیوں کے نئے سال ’’روش ہشانا‘‘ کی تقریبات کا آغاز ہو رہا ہے۔ سترہ ستمبر کو یوم آئین منایا جاتا ہے یہ 1787 میں آئین پر دستخط ہونے کی یاد کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انیس ستمبر کو سمندری ڈاکوؤں کے انداز میں بولنے کا دن ہے۔ فلمPirates) (کی مقبولیت کے بعد اس کے دو کرداروں جان تور اور مارک سمر نے اس کا آغاز 1995ء میں کیا۔ اس فلم میں سمندری ڈاکوؤں کے بول چال کا ایک خاص انداز تھا۔ اس فلم کے طلسم میں گرفتار اس طرز گفتگو کو نقل کر کے خوش ہوتے ہیں۔ اکیس ستمبر کو عالمی یوم امن ہے تیئس ستمبر کو آغاز خزاں ہے۔ امریکہ میں گھروں کے سامنے درخت لازمی ہیں۔ سڑکوں اور بڑی شاہراہوں پر بھی کثرت سے درخت لگے ہیں۔ خزاں کی آمد پر چنار کے درختوں کے پتے پہلے پیلے ہوتے ہیں پھر لال سُرخ ہو جاتے ہیں۔ یہ منظر بہت خوبصورت ہوتا ہے۔ اس کے بعد یہ پتے جھڑ جاتے ہیں اور ٹنڈ منڈ درخت کھڑے رہ جاتے ہیں بڑے بوڑھے ، خواتین اور بچے گرنے والے پتے سمیٹ سمیٹ کر نہیں تھکتے بلکہ اسے ایک اچھی ورزش سمجھتے ہیں۔ کراچی میں میرے ایک دوست نے گھر کے سامنے لگا ہوا سایہ دار درخت کاٹ دیا۔ دریافت کرنے پر بتایا کہ خزاں میں گرنے والے پتے نہیں سمیٹے جاتے تھے۔  اٹھائیس ستمبر کو اچھے پڑوسیوں کا دن ہے۔ یہاں اکثر پڑوسیوں سے کوئی خاص تعلق نہیں ہوتا۔ گھرآنے یا گھر سے نکلتے ہوئے آمنا سامنا ہو جائے تو ہائے، ہیلو یا دور سے ہاتھ ہلانے تک کا تعلق ہوتا ہے۔ اچھے پڑوسیوں کا دن بھی ان تعلقات میں کوئی زیادہ گہرائی پیدا نہیں کر سکتا۔ دو اکتوبر کو عالمی یوم مسکراہٹ ہے، بعض امریکی مرد و خواتین آپ کے آمنے سامنے آ جائیں تو ہائے، ہیلو کی بجائے محض مسکرا دیتے ہیں یہ بھی خوش اخلاقی کا بہت اعلیٰ معیار ہے۔ بعض لوگ اس میں بھی کنجوسی برتتے ہیں فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والی لڑکیوں کو کاروباری مسکراہٹ ہر وقت سجائے رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ مالکان اکثر اس چیز کو نوٹ کرتے ہیں اور اگر کوئی ملازم مسکرا کر گاہک سے بات نہ کرے تو اس کی سرزنش کی جاتی ہے۔ بعض بڑے سٹوروں کی خریداری رسید میں بھاری انعام کا لالچ دے کر انٹرنیٹ پر سروے کی ترغیب دی جاتی ہے جس میں یہ سوال ضرور ہوتا ہے کہ سٹور کے ملازم نے سٹور میں داخل ہوتے وقت آپ کا خیر مقدم کیا تھا یا نہیں بل کی ادائیگی کے بعد آپ کا شکریہ ادا کیا تھا یا نہیں؟ اور اس وقت اس کے چہرے پر مسکراہٹ تھی یا نہیں؟ پانچ اکتوبر کو اساتذہ کا عالمی دن اور بچوں کی صحت کا دن ایک ساتھ منائے جاتے ہیں۔ گیارہ اکتوبر کو ’’پارٹیاں دینے‘‘ کا دن ہے اسے (My Party day) کہا جاتا ہے۔ سولہ اکتوبر کو ’’باس ڈے ہے‘‘ یہ مالکان اور ملازمین میں بہتر تعلقات اور (Bosses) کے تشکر کا دن ہے امریکہ کے علاوہ کینیڈا، لٹوانیا اور رومانیہ میں بھی منایا جاتا ہے۔ مشہور انشورنس کمپنی سٹیٹ فارم انشورنس کی ملازمہ پیٹریشیا بینر نے اس دن کو امریکی ایوان صنعت و تجارت میں رجسٹر کرایا تھا کمپنی کا (Boss) اُس کا اپنا باپ تھا اس لئے اس نے اپنے باپ کی تاریخ پیدائش کو اس دن کے منانے کے لئے انتخاب کیا۔ سترہ اکتوبر کو بھڑک دار لباس پہننے کا دن ہے۔ امریکی لباس کے معاملے میں خاصے لاپرواہ ہیں۔ آپ نے دیکھا ہوگا بہت بڑے بڑے لوگ اور بہت بڑے بڑے اداکار ٹی شرٹ اور جین میں ٹی وی پر انٹرویو دے رہے ہوتے ہیں۔ اکثر اینکرز ٹائی وغیرہ کا تکلف نہیں کرتے، لیکن اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب کے شرکاء کی اکثریت نے ایک سے ایک بھڑک دار لباس پہن رکھا ہوتا ہے۔ بعض بڑی کمپنیوں میں خواتین ملازمین سے تقاضا کیا جاتا ہے کہ وہ دفتری انداز کا لباس پہنیں اور ہلکا میک اَپ بھی ضرور کریں، لیکن عام سٹوروں، ریستورانوں میں کام کرنے والی لڑکیوں کے لئے میک اپ کو پسندیدہ نہیں سمجھا جاتا۔ کلبوں بارز اور جوا خانوں میں میزبانی کے فرائض انجام دینے والی لڑکیوں کے لئے میک اَپ اور مختصر ترین لباس ضروری ہیں۔21اکتوبر کو لایعنی اور نا قابل فہم گفتگو کا دن ہے۔ اس میں بڑبڑاہٹ بھی شامل ہے اور لگا تار بے تکان، بے تکی گفتگو بھی شامل ہے۔ بائیس اکتوبر کو یہودیوں کے تہوار ’’یوم کپر‘‘ کا آغاز ہو رہا ہے۔ ایک طرح سے یوم استغفار ہے۔ (جاری ہے)

مزید :

کالم -