جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے! وہ روسی لڑکی جس نے فلائی دبئی کے تباہ ہونے والے طیارے کی ٹکٹ خرید رکھی تھی لیکن جہاز پر سوار ہوتے ہوتے کیسے رہ گئی؟انتہائی حیران کن کہانی آپ بھی جانئے
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) موت کا ایک وقت معین ہے، نا یہ اس وقت سے ایک لمحہ قبل آ سکتی ہے اور نہ ہی ایک لمحے کی تاخیر کر سکتی ہے۔ قدرت ہماری آنکھوں کے سامنے بار بار ایسے مناظر لاتی ہے کہ جو اس حقیقت کی کھلی گواہی ہیں۔
ایک ایسا ہی واقعہ فلائی دبئی ائیرلائن کے روس میں ہونے والے تباہ کن حادثے کے موقع پر پیش آیا۔ نیوز سائٹس ایمریٹس 247 کے مطابق روسی خاتون الویرا ایسائیوا متحدہ عرب امارات میں چھٹیاں گزارنے کے لئے آئی تھیں اور اسی پرواز کے ذریعے واپسی کے لئے بکنگ کروارکھی تھی کہ جو خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ الویرا نے روسی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ وطن واپسی سے قبل رات دیر تک ایک سالگرہ پارٹی میں شریک رہیں اور صبح ان کی آنکھ نہیں کھل سکی، جس کی وجہ سے وہ ائرپورٹ نہ پہنچ سکیں۔انہیں بکنگ ایجنٹ کی طرف سے فون آیا تو آنکھ کھلی۔ پہلے تو پرواز نکل جانے کا سو چ کر شدید متفکر ہوئیں، لیکن پھر یہ جان کر ساکت رہ گئیں کہ جس پرواز کے ذریعے انہیں واپس جانا تھا وہ روس میں گر کر تباہ ہوچکی تھی۔
وہ خوش قسمت ترین انسان جو بوسٹن میرا تھن اور پیرس بم دھماکوں میں زندہ بچ نکلا ،برسلز حملوں کی جگہ پر بھی تھا ،زخمی ہوگیا
الویرا کا کہنا ہے کہ رات دیر تک جاگنے کی وجہ سے وہ سوتی رہ گئیں، لیکن اگر بروقت جاگ جاتیں تو ہمیشہ کے لئے سو جاتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس کے سوا کچھ سمجھ نہیں آتا کہ یہ ان کی ماں کی دعائیں تھیں جو ان کا تحفظ کررہی تھیں اور وہ اس دن بروقت جاگ نہیں پائیں۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں اور خصوصاً بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے وہ پھوٹ پھوٹ کر رو دیں اور کہا کہ اگرچہ وہ زندہ بچ جانے پر خوش ہیں لیکن حادثے میں 62 افراد کی موت نے ان کے دل کو غم سے بھر دیا ہے۔