’’صاحبِ خُلقِ عظیمؐ ‘‘

’’صاحبِ خُلقِ عظیمؐ ‘‘
’’صاحبِ خُلقِ عظیمؐ ‘‘

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی پوری انسانیت کے لئے رول ماڈل اور باعث عزت و افتخار ہے۔ آپ ؐ کی ذات گرامی سے ہر اُمتی کا تعلق باعث فخر ہے ، آپ ؐ کے اخلاق کریمانہ اور تعلیمات تمام انسانیت کے لئے فلاح ونجات اور آپ کاطرز زندگی اور اسوہ حسنہ انسانیت کے تمام دکھوں کا مداوا، مشکلات میں رہنمائی اور جسمانی و روحانی بیماریوں میں شفائے کاملہ کانسخہ ہے۔ آج کا دور گمرا ہیوں اور فتنوں کا دور ہے۔ اہل کفر اپنے تمام اسباب اور لاؤ لشکر کے ساتھ تعلیماتِ رسول اللہؐ کو مٹانے ،اُمت کو ان سے دورکرنے کی سازشیں اور عملی اقدام کرتے جارہے ہیں ۔گمراہی پھیلانے اور فتنے برپا کرنے کے لئے اندرونی اور بیرونی عوامل شیطانی کھیل کھیل رہے ہیں ان فتنوں اور گمراہیوں کے طوفان کے باوجو د نوجوان نسل گروہ درگروہ بڑی تعداد میں حضرت محمدﷺ سے اپنے عشق اور اُمتی ہونے کا والہانہ اظہار کررہی ہے ،گمراہی اور اباحیت کے علمبردار اپنی تمام تر چالوں اور ہتھکنڈوں کے باوجود آپؐ سے محبت ، عقیدت اور اپنے عشق کے آثار نہ مٹا سکتے اور نہ انہیں دھندلا کرسکتے ہیں۔بقول اقبال ؒ !
وہ فاقۂ کش جو موت سے ڈرتانہیں ذرا
روح محمدؐ اس کے بدن سے نکال دو


تاریخ عالم گواہ ہے کہ انسانوں کے بنائے ہوئے یہ نظام اور اُن کے اصول ونظریات شکست و ریخت کا شکار ہو کر مٹ گئے، لیکن حضور رحمۃ اللعالمین ﷺ کے اخلاق، عظمت اور دعوت و عمل دلوں میں خوشبودار پھولوں کے شگوفوں کی مانند ترو تازہ اور قائم دائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔ مسلمان کے لئے حضور ختمی مرتبت کی ذات گرامی اپنی جان مال اور عزت و آبرو سے زیادہ عزیز ہے اور اس پر کوئی مسلمان سمجھوتہ کرنے کاتصور نہیں کرسکتا ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاخلق عظیم الٰہی صفات کاآئینہ دار ہے ،اللہ رب العالمین ہے اور اللہ نے ہی آپﷺ کو رحمت اللعالمین کا عظیم منصب عطا کیا۔ قرآن کریم میں ارشاد ہے کہ :’’اور یقیناًآپ خلق عظیم پر کاربند ہیں ۔‘‘ (القلم 69:4)۔اللہ نے تمام انبیاء کرام کو اپنی اپنی اُمتوں کے لئے اسوہ حسنہ بنا کر معبوث فرمایا ۔ یہ وہ پاکیزہ نفوس تھے جنہیں اللہ نے ہدایت سے نوازا اوران کے پیروکاروں کو حکم ہواکہ تم انہی کی ہدایت کی پیروی کرو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاہے کہ: ’’میرے صحابہؓ میرے زمانہ کے بہترین لوگ ہیں پھر ان کے بعد آنے والے اور پھر ان کے بعد آنے والے۔ ‘‘(بخاری شریف)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پوری زندگی اسی ایک ہی مشنِ کی آبیاری میں گزاری ،اس راستے میں آپ ؐ نے عمر بھرتکلیفیں اور ایذائیں برداشت کیں لیکن اپنے اعلیٰ اخلاق ، خوشگوار رویے سے دلوں کو مسخر کیا ۔مکہ سے ہجرت کے موقع پر آپ ؐ کے ساتھ ایک عورت ، ایک بچہ، ایک غلام اور ایک آزاد شخص تھا لیکن حجۃ الوداع کے موقع پر ایک لاکھ سے زائد آزاد انسانوں کا جم غفیر اور اللہ کے مطیع و فرمانبردار بندے موجود تھے جن سے آپ ؐ نے خطاب فرمایا ۔ مشکلات ومصائب کا دور ہو یا فتح و نصرت اور کامرانیوں اور بلندیوں کا مرحلہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق عظیم میں اضافہ ہی ہوتا چلاگیا۔
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کبھی کسی کو برا نہیں کہتے تھے،کوئی آپ ؐ کے ساتھ برائی بھی کرتا تو اس کے بدلے میںآپؐ برائی نہیں کرتے تھے ،بلکہ معاف کردیا کرتے تھے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ذاتی معاملہ میں کبھی کسی سے انتقام نہیں لیا آپ ؐ نے کبھی اپنے کسی خادم کو ،کسی عورت کو ،کسی جانور کو اپنے ہاتھ سے نہیں مارا ، آپ ؐ نے کبھی کسی کا سوال نہیں ٹھکرایا ،آپ ؐ جب بھی گھر آتے مسکراتے ہوئے آتے ۔


حضرت علی کرم اللہ وجہ ،فرماتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بڑے نرم خو اور نرم مزاج تھے ،آپ بہت مہربان اور رحم دل تھے ، کبھی کسی سے ایسی بات ہو جاتی جو آپ ؐ کو ناگوار ہوتی تو آپ خاموش ہو جاتے، حضورﷺ کبھی کسی سے بحث مباحثہ کرتے اور نہ ضرورت سے زیادہ بات ، جو بات کام کی نہ ہوتی اُس میں کبھی نہ پڑتے ۔ صرف وہی بات کرتے جس سے کوئی مفید نتیجہ نکل سکتا ہو ۔ آپ ؐ بڑے فیاض ، سچ بولنے والے اور تحمل فرمانے والے تھے ۔ آپ ؐ وعدے کے پابند، انصاف پر قائم رہنے والے، دوسروں کا حق اداکرنے والے سادگی اور قناعت کا نمونہ تھے ، حضورؐ کی ساری زندگی قناعت اور سادگی میں گزری ۔ آپ ؐ کے پاس جو کچھ ہوتا ضرورت مندوں میں تقسیم کردیتے۔


حضرت ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا ، آپ ؐ چٹائی پر لیٹے ہوئے تھے اور آپ ؐ کے بدن پر اُس کے نشان بن گئے تھے ۔ میں نے عرض کیا یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ اجازت عنایت فرمائیں ہم آپ ؐ کے لئے چٹائی پر بچھانے کے لئے گدا لادیں ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مجھے دنیا سے کیا واسطہ میری اور دنیا کی مثال اس سوار کی طرح ہے جو درخت کے سائے میں تھوڑی دیر آرام کرے اور پھر وہاں سے چل دے،اسی طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ جس کی اولاد ہو اُسے چاہیے کہ اس کا اچھا نام رکھے ، اور اچھی تربیت کرے، جب وہ بالغ ہوجائے تو اس کانکاح کردے اس لئے کہ اگر وہ بالغ ہوجائے اور اس کا نکاح نہ کیا جائے اورا س سے کوئی گناہ سرزد ہوجائے تو اس کاگناہ اس کے باپ پر بھی ہوگا ،آدمی کے لئے یہ ہی گناہ کافی ہے کہ جن کی پرورش اور خبر گیری اس کے ذمہ ہے اُن کی خبر گیری نہ کرے اور اُن کو ضائع کردے ۔ ‘‘ کسی والد نے اپنی اولاد کو اچھے ادب سے اچھا کوئی عطیہ نہیں دیا۔ ‘‘(مشکوٰۃ ، ترمذی) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ جس کے ہاں بیٹی پیدا ہووہ نہ اُسے زندہ درگور کرے اور نہ ذلت کی حالت میں رکھے اور نہ اولاد نرینہ کو اس پر ترجیح دے، تو اللہ تعالیٰ اس کو جنت میں داخل کرے گا، سب سے کامل ایمان والا مومن وہ ہے جواخلاق میں سب سے اچھا اور اپنے اہل وعیال کے ساتھ نرم ہو ،اپنی اولاد کی اچھی تربیت کرنا بڑی خیرات کرنے سے بہترہے جو شخص دو لڑکیوں کے بالغ ہونے تک ان کی کفالت کرتا رہا تو وہ قیامت کے روز میرے ساتھ اس طرح آئے گا اور آپ نے اپنی انگلیاں ملا کر دکھائیں۔ (ترمذی،بخاری،مسلم ، ابوداؤد)


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ حیا ایمان کی علامت ہے اور ایمان جنت کاذریعہ ہے ، بے حیائی اور فحش گندگی ہے اور گندگی دوزخ کا موجب ہے ، جس چیز میں فحش ہوتاہے وہ اُسے عیب لگاتااور داغدار کرتاہے اور جس چیز میں حیاء ہوتی ہے وہ اُس کی زینت بڑھاتی ہے ۔ حیا ء سے صرف بھلائی ہی حاصل ہوتی ہے ۔ حیاء ایمان کی ایک شاخ ہے ۔ (صحیحین ،مشکوٰۃ)


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اکثراپنی زبان مبارک سے فرماتے ،اے اللہ میں تجھ سے ہدایت ، تقویٰ ، عفت و پاکیزگی اور غنا کا سوال کرتاہوں ، آپ ؐ نے حجۃ الوداع کے موقع پر فرمایا کہ اللہ سے ڈرو اور پانچ وقت کی نماز ادا کرو ، رمضان کے روزے رکھو ، اور مال کی زکوٰۃ دو اور اپنے امیر کی اطاعت کرو تم اپنے رب کی جنت میں داخل ہوجاؤ گے ، آپ ؐ نے فرمایا کہ انسان غنی مال و دولت جاگیر و جائیداد و کثرتِ مال سے نہیں بلکہ دل کے غنی ہونے سے ہوتاہے۔ (مسلم ،مشکوٰۃ ، ترمذی)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نبوت سے پہلے تجارت کرتے تھے ، اس سلسلے میں اکثر لوگوں کے ساتھ لین دین کرتے ۔ چنانچہ جن لوگوں سے آپ ؐکے تاجرانہ تعلقات تھے وہ ہمیشہ حضور ؐ کی امانت و دیانت اور حسن معاملہ کی تعریف کرتے، اُن کاکہنا تھاکہ حضور ؐ کاروبار میں بے حد کھرے تھے اور اپنا معاملہ ہمیشہ صاف رکھتے تھے ۔ سائب ؓ مسلمان ہو کر بارگاہ نبوت میں حاضر ہوئے تو لوگوں نے سائبؓ کے اخلاق و دیانت کی تعریف کرتے ہوئے آپ ؐ سے اُن کاتعار ف کرایا ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میں ان کو تم سے زیادہ جانتاہوں۔ سائبؓ نے عرض کیا یارسول اللہ ؐ میرے ماں باپ آپ ؐ پر قربان آپ ؐ کاروبار میں میرے ساتھی ہوا کرتے تھے اور اپنامعاملہ ہمیشہ صاف ستھرا رکھتے تھے۔


مدینہ منورہ آمد کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سب سے پہلا کام اللہ کے گھر کی تعمیر کاکیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حجرہ مبارک کے قریب خاندان نجار کی کچھ زمین تھی جس میں کچھ قبریں اور کچھ کھجور کے درخت تھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُن کو بلایااور فرمایا کہ ’’میں یہ زمین قیمتاً لینا چاہتاہوں ۔ ‘‘انہوں نے کہاکہ یارسول اللہ ؐآپ سے ہم قیمت نہیں لیں گے ۔ اللہ سے لیں گے۔یہ زمین دویتیم بچوں کی تھی آپ ؐ نے ان یتیم بچوں کو بلایا،یتیم بچوں نے بھی اپنی کُل کائنات بلا قیمت نذر کرنا چاہی، لیکن آپ ؐ نے گوارا نہ کیا چنانچہ حضرت ابو ایوب انصاریؓ نے اس زمین کی قیمت ادا کی اور اس طرح اُس جگہ کو ہموار کرکے وہاں مسجد نبوی ؐ تعمیر ہوئی ۔ آج وہی مسجد نبوی اور روضۂ رسولؐ دنیا بھر کے اہلِ ایمان کے لئے عقیدتوں ،محبتوں اور اظہار عشق کا مرکز ہے۔


رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جہاں زہد وتقویٰ، طہارت و تقدس اور حلم وعفو جیسے اوصاف حمیدہ میں سب سے بڑھے ہوئے تھے وہاں آپ اعلیٰ ترین حسِ مزا ح بھی رکھتے تھے ۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم اکثر ہم سے خوش طبعی فرماتے ۔ حضرت عبداللہ بن حارث ؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زیادہ حس مزاح رکھنے والا کوئی شخص نہیں دیکھا مگر یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا مذاق بھی سچ پر مبنی ہوتا، اُس میں جھوٹ کا شائبہ تک نہ ہوتا۔


رسول اللہ صلی اللہ کاحسن اخلاق مثالی ،اسلوب تربیت عمدہ اور مشکل ترین معاشرتی مسائل کو آپ نہایت آسانی سے حل فرمالیتے جارج برنارڈ شا نے اس حقیقت کا اعتراف یوں کیا اور لکھاکہ ’’دورِ حاضر کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح کی ہستی کی ضرورت ہے جو چٹکیوں میں مشکلات کا حل تلاش کرلیتی ہو ۔‘‘ یہ زندگی کابہت اہم پہلو ہے، کمال تو وہی ہے جس کااعتراف اور گواہی دشمن بھی دے ، لاریب آپ ؐ یقیناًخلق عظیم پر فائز تھے۔ آپ ؐ کی ذات گرامی انسانیت کے لئے اطمینان و سکون کا باعث ہے۔ موجودہ دور کاتقاضا ہے کہ امن وامان کے قیام کے لئے انسانیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی لائی ہوئی ہدایت وتعلیمات سے راہنمائی حاصل کرے ، اس لئے کہ ہر صاحبِ ایمان آپ ؐ سے جس قدر متعارف ہوتاجاتا ہے اُسی قدر اس کے دل میں آپ ؐ کی محبت وعقیدت میں اضافہ ہوتاجاتاہے اور معاشرے کا ماحول خوشگوار ہوتا جاتا ہے ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا خلق عظیم انسانوں کے درمیان محبت ، امن ، برداشت اور حقیقت پسندی پیدا کر سکتاہے۔اللہ کا ارشادِ گرامی ہی کامل اور حرفِ آخر ہے۔ قرآن مجید میں ہے:۔’’یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے چراغ کی روشنی کو منہ سے پھونک مار کر بجھا دیں حالانکہ اللہ اپنی روشنی کو پورا کرکے رہے گا، خواہ کافر نا خوش ہی ہوں، وہی تو ہے جس نے اپنے پیغمبر کو ہدایت اور دین حق دے کر بھیجا تاکہ اُسے سب دینوں پر غالب کرے ۔ خواہ مشرکوں کو بُرا ہی لگے۔ (سورۃ الصف 8-9)۔ اس آیت کی مولانا ظفر علی خان نے خوبصورت ترجمانی کی ہے:۔
نور خدا ہے کفرکی حرکت پہ خندہ زن
پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔


یہ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے دین کو ضرور غلبہ عطا کرے گا اور اپنے نور کو پایۂ تکمیل تک پہنچائے گا۔ امن،سکون ، خوشحالی کی متلاشی انسانیت دین اسلام اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلق عظیم کی طرف پلٹ کر آئے گی، ان شاء اللہ۔

مزید :

کالم -