آسٹریلوی ٹیم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 300پر آؤٹ ، سمتھ کی سنچری

آسٹریلوی ٹیم آخری ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 300پر آؤٹ ، سمتھ کی سنچری

  

 دھرم شالا(اے پی پی) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 300 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سٹیون سمتھ نے 111 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ڈیوڈ وارنر اور میتھیو ویڈ نے نصف سنچریاں سکور کیں، ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے کلدیپ یادیو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو دھرم شالا میں سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 10 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب میٹ رینشا ایک رن بنا کر امیش یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ نے دوسری وکٹ میں 134 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 144 تک پہنچا دیا، اس موقع پر ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے سپنر کلدیپ یادیو نے تباہ کن سپیل کیا اور چار اہم کھلاڑی آؤٹ کرکے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی، ڈیوڈ وارنر 56، شان مارش 4 جبکہ پیٹر ہینڈزکامب اور گلین میکسویل 8 ، 8 رنز بناکر ان کا نشانہ بنے۔ کلدیپ یادیو نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، امیش یادیو نے دو جبکہ بھونیشور کمار، روی چندرن ایشون اور روندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -