بی زیڈ یو، لاہور کیمپس کے طلبہ کو سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کر دیا گیافہرستیں جاری

بی زیڈ یو، لاہور کیمپس کے طلبہ کو سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کر دیا ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر )پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لاہور میں کھولے گئے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کیمپس کے ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے 402 طلباء وطالبات کو تین سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کر دیا گیا ۔ جن طلباء کو شفٹ کیا گیا ہے ان کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے ان طلباء کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں شفٹ کیا گیا ہے اور ان طلباء کے ناموں کی فہرستیں سول سیکرٹیریٹ لاہور میں آویزاں کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر اس کیمپس کے طلباء نے لاہور میں کئی ہفتوں تک احتجاجی مظاہرے بھی کیے۔طلباء کے مظاہروں کے بعدصوبائی وزیر ہائر ایجوکیش کمیشن سید رضا علی گیلانی کی ہدایات پر کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سفارشات پر ان طلباء کو مختلف سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے طلبا ء کو ان تین یونیورسٹیز میں شفٹ کرنے کے بعد ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر متعلقہ یونیورسٹیز کے ضوابط کے مطابق جوائن کریں، ان طلباء کو پندرہ دن کا وقت دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بی زیڈ یو لاہور کیمپس کو بند کر دیا گیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -