زندہ قومیں اپنے مشاہیر کے نقش قدم پر چلتی ہیں،رفیق تارڑ
لاہور(پ ر) زندہ قومیں اپنے مشاہیر کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ ان کے نقش قدم پر چل کر منزل مراد بھی پاتی ہیں۔ ہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان وچیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان قائداعظمؒ ،جوہر ٹاؤن لاہور میں تقریباتِ یوم پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی نشست کے دوران اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ،پروفیسر محمد سعید شیخ، اساتذۂ کرام اور طلباوطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔حافظ تنویر مصطفی نے تلاوت جبکہ حافظ مرذوق سیالوی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سید عابد حسین شاہ نے انجام دیے۔ محمد رفیق تارڑ نے کہا 23مارچ 1940 پاکستانیوں کو ایک مرتبہ پھر اس عزم ‘ حوصلے اور یقین کی یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں ‘ہم جو چاہتے ہیں اورجس کام کا ارادہ کرتے ہیں وہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ ایوان بابائے قوم حضرت قائداعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا ہے جنہوں نے اپنی فہم وفراست اور جہد مسلسل کی بدولت برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کو انگریزوں اور ہندوؤں کی غلامی سے نجات دلاکر آزادی کی نعمت دلائی۔ہمارا عالمی برادی سے پرزورمطالبہ ہے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دے۔تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا کہ مسلمان اور ہندو ہر لحاظ سے الگ قوم ہیں ، قیام پاکستان سے قبل مسلمانوں کی حالت بہت پسماندہ تھی ۔ ہندو پانی، مسلمان پانی تمام ریلوے سٹیشن پر الگ الگ ہوتا تھا۔ یہ ایسا معاشرتی تضاد تھا کہ ان حالات میں ہندو مسلم کا اکٹھے رہنا بہت مشکل تھا۔ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے کہا کہ قراردادِ پاکستان کی منظوری کے طفیل برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین ملا اور اپنے لئے الگ وطن حاصل کرنے کیلئے ایک سمت کا تعین ہوا۔ایوان قائداعظم بابائے قوم کے افکار ونظریات کا مرکز ثابت ہو گا۔پروگرام کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات الوینہ علی خان، فریحہ بابر، اسوہ بتول، محرال قمر، فیض سلطان اور لائبہ طارق نے یوم پاکستان کے حوالے سے خوبصورت تقاریر کیں۔