یوم پاکستان پریڈ سے دشمن پر دھاک بیٹھ گئی ،صدر ممنون حسین

یوم پاکستان پریڈ سے دشمن پر دھاک بیٹھ گئی ،صدر ممنون حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ یوم پاکستان پریڈ نے قوم کے جذبوں کو جلابخشی ، دشمن پر دھاک بیٹھ گئی اور ثابت ہو گیا کہ پاکستان کی فوج ملک کے دفاع کے لئے سینہ سپر ہے ۔پاکستان کی عزت اور سربلندی کے لئے اپنے جذبے بلند رکھیں ۔ پاک فوج کو جدید خطوط سے آراستہ کر کے اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یہاں یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین کو اعزازات دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب میں کیا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یوم پاکستان پریڈ دفاع ، استعداد کار اور نظم و ضبط کی بہترین مثال ہے‘ پریڈ میں قوم کا وہی جذبہ ہوتا ہے جو قیام پاکستان کے وقت ہمارے بزرگوں کا ہوتا تھا ۔ پریڈ میں چین ، سعودی عرب اور ترکی کی شرکت نے ہماری خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔ افواج پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں قوم کی خدمت کی ہے آپریشن ’’ردالفساد ‘‘ دہشتگردی کے خلاف ہمارے عزم کا بھرپور اظہار ہے ۔ پاک فوج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر ممنون حسین نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جان کی قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی عزت اور سربلندی کے لئے مسلح افواج اور تمام پاکستانی اپنے جذبے اسی طرح جوان رکھیں۔ انشاء اللہ بہت جلد پاکستان مسائل پر قابو پا کر ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر ملک بن جائے گا ۔ صدر مملکت نے اس موقع پر 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے منتظمین کو اعزازات سے نوازا اور قومی دن پر عوام میں قومی جذبہ اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کرنے پر ان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا ۔

ممنون حسین

مزید :

صفحہ اول -