مادھولعل حسین کے عرس کی تقریبات کا آغاز

مادھولعل حسین کے عرس کی تقریبات کا آغاز

  

لاہور(خبرنگار) برصغیر پاک وہند کے صوفی بزرگ حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے 429 ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا گزشتہ روز سے باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ شالیمار کے علاقے میں حضرت سخی مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کا429 واں سالانہ عرس شروع ہو گیا جو تین روز تک جاری رہے گا جسے لاہوری میلہ چراغاں کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محکمہ اوقاف نے زائرین کی سہولت اور دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں، دربار کو برقی قمقوں سے سجا یا گیا ہے، زائر ین کیلئے لنگر کا بھی وسیع انتطام کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدراشرف نے مادھو لعل حسین دربار کا دورہ کیا اور سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ’’پاکستان‘‘ کی ٹیم نے دربار مادھو لعل حسین کے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے اقدامات کاجائزہ لینے کے لئے سروے کیا تو پولیس نے اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور سی سی پی او لاہور امین وینس بھی دربار مادھو لعل حسین پہنچے۔ان کاکہنا تھا کہ عرس کے دوران امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔ دربار کے اندرونی اور داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سیکیورٹی کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ واک تھرو گیٹ کی تعداد رش بڑھنے پر بڑھا دی جائے گی ۔ ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ کسی بھی ممکنہ سانحہ کے پیش نظر وہ سیکیورٹی کے تمام تر اقدامات اور انتظامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے گزشتہ روز شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا تھا۔ جس کی وجہ سے گزشتہ روز لاہور کے تمام سکول اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے تمام ادارے بند رہے ہیں اور شہر میں چھٹی کا سماں رہا ہے۔

عرس مادھولعل

مزید :

صفحہ اول -