فسادی بلوچستان کے نوجوان کو استعمال کر کے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں : چودھری نثار
لورا لائی (اے این این )وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ دشمن کی سازشیں چین پاکستان اقتصادی ر اہداری کے خلاف پنپ رہی ہیں،فسادی بلوچستان کے نوجوانوں کو استعمال کرکے خون خرابہ کرنا چاہتے ہیں مگر مذہب کے نام کا غلط استعمال اور دشمن سے پیسہ لے کر فساد پھیلانے والوں کو ختم کر کے دم لیں گے۔وہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیر کور کے زیر اہتمام60ویں پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر آئی جی ایف سی نے وزیر داخلہ کو بلوچستان میں امن و عامہ کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔وزیرداخلہ نے کہاکہ پاکستان کا دشمن کتنا ہی ازلی،موذی اور بے ایمان کیوں نہ ہو قوم کے تعاون سے فورسز نے اس کا قلع قمع کرنا ہے۔وزیرداخلہ نے کہاکہ ایف سی اہلکار شر اور فساد کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے سربکف ہو کر وطن کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے ایف سی اہلکاروں سے کہاکہ وہ اپنے صوبوں کے لوگوں سے نرمی سے پیش آئیں، اگر کوئی تلخی ہو جائے تو اسے برداشت کریں ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے اب صرف بچے کچے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانا ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بڑے مسائل دیکھے ہیں بہت قربانیاں دی ہیں لیکن سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں سے بلوچستان میں امن بحال ہوا اور وہ دن دور نہیں جب دہشت گردی مکمل ختم کی جائے گی اور بلوچستان کی ترقی ساری دنیا دیکھے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2سال میں عام بجٹ کے علاوہ بھی سیکیورٹی پر 70ارب روپے خرچ کیے جبکہ وزیراعظم سے ایف سی کی مزید مدد کی درخواست کروں گا۔