بھارتی فوج کی اسلحہ ساز فیکٹری میں 100دھماکے، 2 تباہ،20افراد زخمی

بھارتی فوج کی اسلحہ ساز فیکٹری میں 100دھماکے، 2 تباہ،20افراد زخمی

  

جبل پور ( مانیٹرنگ ڈیسک / آن لائن)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے جبل پور میں واقع بڑی فوجی اسلحہ ساز فیکٹری میں یکے بعد دیگرے درجنوں دھماکے ہوئے آسمان کو چھوتی آگ نے پوری فیکٹری کو لپیٹ میں لے لیا جس سے20سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق فوجی اسلحہ ساز فیکٹری میں اچانک دھماکہ ہوا جس سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی ،آگ پھیلنے سے یکے بعد دیگرے 100سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اس سیکشن میں بنی 2 فیکٹریاں مکمل طور جل کر خاکستر ہو گئی ہیں،جبل پور کی اس اسلحہ ساز فیکٹری میں بھارتی فوج کے لئے گولہ و بارود تیار کیا جاتا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے وقت یہاں بہت زیادہ بارود اکٹھا کرکے رکھا گیا تھا، وقفے وقفے سے مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔جبل پور کے ضلعی کلکٹر چندر مہیش چودھری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلحہ فیکٹری کے ایف 3 سیکشن میں بھاری مقدار میں کارتوس میں بھرا جانے والا بارود رکھا ہوا تھا، جس میں اچانک دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی , 100سے زیادہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی ابتدائی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ دھماکہ کیوں ہوا یا آگ کیسے لگی ؟۔واضح رہے کہ جبل پور میں دھماکوں سے تباہ ہونے والی یہ وہی اسلحہ ساز فیکٹری ہے جہاں کارگل جنگ کے دوران اسی فیکٹری سے براہ راست بم اور بھاری اسلحہ ایئر لفٹ کرکے کارگل بھیجاگیاتھا۔

بھارت دھماکے

مزید :

صفحہ اول -