پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے عوام میں ایک بار چور چور ہو گیا ہے: پرویزالٰہی

پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے عوام میں ایک بار چور چور ہو گیا ہے: پرویزالٰہی

  

لاہور/ملتان(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو چیلنج کیا ہے کہ انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا جبکہ ہم نے اپنی 5سالہ حکومت کے دوران ملتان اور جنوبی علاقوں سمیت پنجاب میں 55سال سے زائد کام کیے، غریب و عام آدمی اور پسماندہ علاقے باالخصوص ملتان اور جنوبی پنجاب ہماری ترجیح رہے اور آئندہ بھی رہیں گے۔ ہم نے ملتان میں کارڈیالوجی ہسپتال اور ڈینٹل کالج سمیت عوامی فلاح کے کتنے ہی منصوبے مکمل کیے جبکہ 28ارب روپے کی ملتان جنگلہ بس سے عوام کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ شہبازشریف کو مالی فائدہ ہوا، اس کی بجائے ہماری طرح ہسپتال، سکول، کالج بناتے تو تمام لوگوں کو فائدہ ہوتا۔ وہ دو روزہ تنظیمی دورہ پر ملتان پہنچنے کے بعد عباس پور میں مرید عباس بپی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وہ آج ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں ورکرز کنونشن کا انعقاد ہماری پارٹی کی تنظیم سازی میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان چلڈرن ہسپتال کا منصوبہ بھی 9سال پہلے ہم نے بنایا تھا، شہبازشریف آج کس منہ سے اس کا افتتاح کر رہے ہیں، ڈینٹل کالج بھی ہمارے دور میں بنا، خادم اعلیٰ نے آج ملتان میں ویمن کرائسز سنٹر کا افتتاح کیا جبکہ یہ منصوبہ بھی ہمارے دور میں شروع ہوا تھا۔ ہماری سیاست کا محور عام اور غریب آدمی کی فلاح تھا جبکہ ان کا محور صرف پیسہ بنانا ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ جو بھی آئے عوام میں ایک بار چور چور ہو گیا ہے، ہماری دعا ہے کہ ایسا فیصلہ آئے جس سے عدلیہ کی عزت و وقار میں اضافہ ہو اور اسے عوام قبول کریں۔ شہبازشریف کے وزرا آئندہ الیکشن میں اپنی نوکریاں پکی کرنے کیلئے جگہ جگہ دھکے کھا رہے ہیں، یہ بے چارے خود ستم زدہ ہیں، ان سے تو یتیم اچھے ہیں جن کا کوئی پرسان حال تو ہوتا ہے۔ لوگوں کو اچھے برے کی تمیز آ گئی ہے وہ جان گئے ہیں کہ کون ان کا ہمدرد ہے اور کون ان کا دشمن، الیکشن کے قریب آنے پر ہم خیال جماعتیں مل کر اتحاد بنانے کی تیاری کر رہی ہیں، ہماری جماعت بھرپور طریقے سے الیکشن میں حصہ لے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -