پاناما کیس کا فیصلہ عنقریب ، نئے پاکستان کی نوید خود دونگا : عمران خان

پاناما کیس کا فیصلہ عنقریب ، نئے پاکستان کی نوید خود دونگا : عمران خان

  

ٍ اسلام آباد، لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے ملکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ حکمرانوں کا احتساب ہو اور ملکی اداروں کی سربراہ بھی عدالت میں پیش ہوں یہ سب نئے پاکستان کی نوید ہے۔پانامالیکس کا فیصلہ چند دنوں میں آرہا ہے اور نئے پاکستان کی نوید میں خود دوں گا۔گزشتہ روزبیرون ملک پاکستانیوں سے ویڈیو لنک پر خطاب میں انکا مزید کہنا تھا پاناما لیکس کیس کی صورت میں پاکستان میں نئی تاریخ رقم ہورہی ہے ملکی تاریخ میں پہلے کبھی بھی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا تھا لیکن اب حکمرانوں سمیت ملکی اداروں کا بھی ٹرائل ہو رہا ہے اور نیب اورایف بی آرکے سربراہ عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔3 سال کے تجربے سے بتا سکتا ہوں ملک ترقی کرسکتا ہے، ایک وقت تھا پاکستان ایشیا میں تیزی سے ترقی کر رہا تھا، آج کرپشن نے پاکستان کے ادارے تباہ کر دیئے ہیں ملک کے پاس اتنا پیسہ ہی نہیں کہ ہم ترقی کرسکیں ،سنگاپور، پاکستان کے مقابلے میں آگے نکل چکا ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ اداروں میں کرپٹ سربراہوں کی تقرری ہے، ہم نے سب سے پہلے خیبرپختونخوا میں انتظامی نظام ٹھیک کیا اور پولیس میں سفارشی کلچر اور سیاسی اثرو رسوخ ختم کردیا، اب خیبرپختونخوا پولیس یورپی پولیس کا مقابلہ کررہی ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی مضبوط ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے آئندہ انتخابات میں سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی کامقابلہ نہیں کرسکیں گی۔1992ء کے کرکٹ ورلڈ کپ کی فتح کی سلور جوبلی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا ورلڈ کپ کی فتح کی یادگار بات یہ ہے کہ پوری پاکستانی قوم بہت خوش تھی اور جذبات ایک ہی جیسے تھے ،میں نے قوم کے چہروں پر اتنی خوشی کبھی بھی نہیں دیکھی جو اسوقت تھی۔ جو ٹیم ہار نہیں مانتی وہ جیت کی منزل تک پہنچ جاتی ہے اور اسوقت ٹیم نے ثابت کیا کوئی بھی ہمیں نہیں ہرا سکتا کیونکہ ہم نے ہار نہیں مانی اور نوجوان ٹیم نے برے حالات میں بھی اچھی کارکردگی کی بدولت سب کے دل جیت لئے۔واضح رہے ایک روز قبل لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا تھا اگر18ء کے الیکشن کا اعلان انتخابی اصلاحات کے بغیر کیا گیا تو وہ روکنے کیلئے 'سڑکوں' پر آجائیں گے ، اس ضمن میں انہوں نے کرکٹ کی اصطلاح کا استعمال کرتے ہوئے کہا ’’جب آپ میچ ہار جائیں تو آپکی بات کوئی نہیں سنتا‘‘،ٹیم کو میچ کھیلنے سے قبل نیوٹرل امپائر حاصل کرنے کیلئے اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تنظیم نو کو ہر حال میں یقینی بنائینگے ۔جوڈیشل کمیشن اصلاحات پیش کرچکا ہے تاہم حکومت نظام میں اصلاحات کیلئے تیار نہیں۔

عمران خان

مزید :

کراچی صفحہ اول -