انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کا قیام وزیراعلیٰ کا وژن ہے ‘ رانا ثناء اﷲ

انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کا قیام وزیراعلیٰ کا وژن ہے ‘ رانا ثناء اﷲ

  

ملتان (سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کا قیام وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا وژن ہے جس سے ہماری سوسائٹی ایک فلاحی معاشرے میں بدل جائے گی۔ سنٹر کا قیام نئی چیز اور جدت ہے جس سے خواتین کے مسائل حل ہوں گے۔ موجودہ حکومت نے ہمیشہ ان طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے جنہیں پہلے نظر انداز کیا جاتارہا ہے۔ ہماری دکھی بہنیں، مائیں اور بیٹیاں اس سنٹر سے مستفید ہوں گی۔ سنٹر کی مدد سے خواتین کے گھریلو مسائل اور فریقین کے درمیان ہونے والے کشیدگی اور تناؤ کو سلجھایا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملتان میں جنوبی ایشیاء کے پہلے انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ۔ اب ملکی معیشت کو مضبوط بنا کے اسے ایشیئن ٹائیگر بنایا جائے گا۔ سی پیک پورے خطے کے لئے ایک گیم چینجر ہے جس سے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے تعلیم کو عام کیاجارہا ہے اور وہ طلباء و طالبات جن کے والدین تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے ان کو وظائف دئیے جارہے ہیں۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -