سی پیک گیم چینجرہے ،تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی:شہباز شریف

سی پیک گیم چینجرہے ،تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی:شہباز شریف
سی پیک گیم چینجرہے ،تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی:شہباز شریف

  

لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے ملاقات کی جس میں ترقیاتی منصوبوں خصوصاً چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے پراجیکٹس پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے پاکستان کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھ دی ہے - سی پیک گیم چینجرہے جس کی تکمیل سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی- انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پورے پاکستان میں تیز رفتاری سے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جا رہے ہیں - چین پاکستان میں51 ارب ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کر رہا ہے اور اس سرمایہ کاری میں اربوں ڈالر کا مزید اضافہ ہو گا- انہوں نے کہا کہ ساہےوال میں کول پاورپلانٹ کا منصوبہ انتہائی تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے - 1320 میگاواٹ کا یہ منصوبہ دسمبر 2017  کی مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل ہو گا - وزیر اعلی نے کہا کہ چین سمیت دنیا کی تاریخ میں اتنے پیداواری گنجائش کے منصوبے پر ایسی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی- منصوبے کی رفتار اور معیار بے مثال ہے -دنیا میں آج تک اتنی تیز رفتاری سے اس طرح کے منصوبے پر کام نہیں ہوا جس طرح ساہیوال کول پاورپلانٹ پر ہو رہا ہے - انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں اور پاکستان میں اربوں روپے کی چینی سرمایہ کاری سے پاکستان کے عوام کیلئے روزگار کے لا تعداد مواقع پیدا ہو رہے ہیں -سی پیک خطے سے دہشت گردی ، انتہا پسندی اور غربت میں کمی لانے کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گا-

مزید :

لاہور -