پورے سندھ کو زہریلا پانی پلایا جارہا ہے، حیدرآباد پاکستان کے چاہنے والوں کا شہر ہے، مودی کو دعوت دینے والے را کے ایجنٹ کو قوم پہچان چکی : سینیٹر نہال ہاشمی

پورے سندھ کو زہریلا پانی پلایا جارہا ہے، حیدرآباد پاکستان کے چاہنے والوں کا ...
پورے سندھ کو زہریلا پانی پلایا جارہا ہے، حیدرآباد پاکستان کے چاہنے والوں کا شہر ہے، مودی کو دعوت دینے والے را کے ایجنٹ کو قوم پہچان چکی : سینیٹر نہال ہاشمی

  

حیدرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان مسلم لیگ کے رہنماسینیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ پورے سندھ کو زہریلا پانی پلایا جارہا ہے، حیدرآباد پاکستان کے چاہنے والوں کا شہر ہے ، ہم نے بلوچستان کے قوم پرستوں کو بھی قومی دھارے میں شامل کیا  , مودی کو دعوت دینے والے را کے ایجنٹ کو قوم پہچان چکی ہے ،نواز شریف پہلے بھی سندھ آتے رہے وہ حیدر آباد کی عوام کے مسائل بھی حل کریں گے ۔

حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نہال ہاشمی نے کہاکہ  ہندوستان سے ہجرت کرکے یہاں آنے والوں کو  ہم  اپنا بھائی سمجھتے ہیں، را کا وہ ایجنٹ جو مودی کو دعوت دیتا ہے اسے قوم پہچان چکے ہیں، مسلم لیگ حیدرآباد سمیت پورے سندھ میں انتخابی عمل میں آئے گی ، نواز شریف پورے سندھ کا دورہ کریں گے ، اگر کسی کو ناراضگی ہورہی ہے کہ نواز شریف کیوں آرہے ہیں تو ہم انہیں بتانا چاہتے ہیں کہ نواز شریف سندھ میں پہلے بھی آتے رہے ہیں وہ حیدرآباد کے عوام کے بھی مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کہ ممنون حسین اور الطاف حسین دونوں کا تعلق بھارتی  شہر آگرہ  سے ہے ، ممنون حسین پاکستان سے محبت کرتے ہیں جس کے صلے میں انہیں صدر پاکستان بنایا گیا، وہ آرمی کے سپریم کمانڈر انچیف بھی ہیں لیکن جو ’’را‘‘ سے مدد مانگتے ہیں او رملک دشمنی کرتے ہیں وہ راندہ  درگاہ ہیں اور اپنے ملک بھی نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہاکہ کرپشن کا بادشاہ اور پرانا اسٹیٹ ایجنٹ آج حیدرآباد جلوس کی شکل میں آرہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ اس نے کوئی بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہو۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ پاکستان توڑنے والی جماعت نہیں ہے اور نہ ہی کسی کا مینڈیٹ چوری کرنے اور ملک کو دولخت کرنے والی جماعت ہے، یہ پورے ملک کی عوام کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی پر سپریم کورٹ نے نوٹس لیا ہے ، پورے سندھ کو زہریلا پانی پلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاست سب کا حق ہے ، جب سند ھ کے لوگ آواز دیتے ہیں تو کوئی دبئی فرار ہوجاتا ہے ،سندھ کی کمیشن ایجنٹ کی جاگیر نہیں ہے ، نہ ہی یہ زمینوں پر قبضے کرنے والوں کی جاگیر ہے۔ سندھ کو بھتہ خوری اور لوٹ مار کی نظر کردیا گیا ہے ، ہم سندھ میں عوام کی خدمت پہلے بھی کررہے تھے اور اب بھی کریں گے۔ 

مزید :

حیدرآباد -