صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے،حمایت اللہ خان

صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے توانائی وبرقیات حمایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے اور تمام سیکٹرز میں قبائلی عوام کوشامل کرنا چاہتی ہے کیونکہ یہ موجودہ حکومت کا منشور ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ضلع خیبر جمرود کے دورہ کے موقع پر قبائلی اضلاع کے لئے منعقدہ ایک مشاورتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع خیبر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسسٹنٹ کمشنر جمرود ودیگر متعلقہ حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمایت اللہ نے کہاکہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی کے سفر میں قبائلی عوام کو اعتماد میں لے رہی ہے تاکہ کم وقت میں قبائلی عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل ہوسکیں۔ عمائدین علاقہ نے مشیر توانائی کو اپنے مسائل کے حوالے سے بتایا کہ قبائلی عوام کو تعلیم، صحت ، بجلی پانی ، انفرسٹرکچر کی تباہ حالی جیسے مسائل کا سامنا ہے اور قبائلی عوام کو موجودہ حکومت سے بہت ساری توقعات وابستہ ہیں اس پر مشیر وزیر اعلی برائے توانائی نے کہاکہ موجودہ حکومت قبائلی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔حمایت اللہ خان نے کہاکہ قبائلی اضلاع توانائی اور معدنیات کے وسائل سے مالا مال ہیں اور ان وسائل کا فائدہ قبائلی عوام کو جائے گا جس سے بہتری کی امید ہے۔ مشیر توانائی نے کہاکہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کے عوام کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے جو عوام کا جائز حق ہے۔ حمایت اللہ خان نے کہاکہ قبائلی اضلاع کی ترقی کے لئے مختص فنڈز میرٹ اور شفافیت کے ساتھ استعمال کئے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہوسکے۔ حمایت اللہ خان نے کہاکہ صوبائی حکومت پن بجلی خالص منافع کی رقم اے جی این قاضی فارمولے کے مطابق وفاق سے لینے کے لئے کوشش کر رہی ہے جو صوبے کا حق ہے اور اس سے صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے۔