وزیر اعظم نیوزی لینڈکے اقدامات نے مسلمانوں کے دل جیت لیے،گورنرسندھ
کراچی(آئی این پی ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا دنیاکو بتانے کی ضرورت ہے کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے۔نیوزی لینڈکی وزیر اعظم کے اقدامات نے مسلمانوں کے دل جیت لیے۔ امید ہے وہاں کی عدلیہ ملزم کوسزائے موت دیں گی۔سانحہ نیوزی لینڈکو دہشت گردی کے سوا کچھ نہیں کہناچاہیے۔تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نیوزی لینڈکی حکومت اوروزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتاہوں۔گورنرسندھ کا کہنا تھا بیمارسوچ رکھنے والے دنیامیں موجودہیں۔یہ لوگ صرف دہشت گردہیں۔دہشت گردوں سے وہی سلوک ہوناچاہیے جوسفاک قاتل سے ہونا چاہیے۔پاکستان سمیت دنیابھرمیں غیرقانونی اسلحے متعلق قوانین کی ضرورت ہے۔عمران اسماعیل نے کہا دنیامیں اسلام کاشدت پسندی کاتصورٹھیک نہیں ہے۔اسلام کے حوالے سے ہم میں سے ہرایک کویہ تصورٹھیک کرناہوگا۔ان کا مزید کہنا تھاکہ ایک نظام ہونا چاہیے ۔ہر کسی کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں ہونا چاہیے اور بغیر لائسنس کے ہتھیاروں پر پابندی ہونی چاہیے۔اسلحے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔وزیر اعظم کے دورہ کراچی میں ان سے ہتھیاروں کے خاتمے کی بات کروں گا۔