جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑے گی ،فخر امام

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑے گی ،فخر امام

ملتان ( نیوز رپورٹر)چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنے کے (بقیہ نمبر43صفحہ12پر )

لیے عالمی اداروں کے پاس جائیں گے تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرایا جاسکے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھے گاحق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ جوان کو ملنا چاہیے ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر رہنما پاکستان تحریک انصاف مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن و سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ پارلیمنٹ کی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام شاہ نے اس موقع پر کہا کہ بھارت جتنا مرضی زور لگالے وہ بھارتی آئین کے ایکٹ 35 میں ترمیم نہیں کرسکتا اگر یہ کام آسان ہوتا تو ہندوستان کے کئی وزائے اعظم پہلے ہی کراچکے ہوتے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ تحریک جس انداز میں آگے بڑھ رہی ہے بھارت اس سے خوفزدہ ہے اور بدحواسی میں کشمیریوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کررہا ہے۔ نریندر مودی اپنے الیکشن کے پیش نظر جارحانہ انداز پنائے ہوئے ہے جو کہ خطہ کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ سیدفخر امام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ دار ملک ہونے کا عملی مظاہرہ اور جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑی سیاسی و سفارتی سطح پر پاکستانی قومی قیادت وزیرا عظم عمران خان اور افواج پاکستان کی موثر حکمت عملی سے بھارت پوری دنیا میں رسوا ہوا اور جگ ہنسائی کا سامنا کرنا پڑا۔ آج پاکستانی قوم نے اتحاد ویگانگت کا بھرپور مظاہرہ کرکے دشمن کو باور کروادیا کہ وہ دفاع پاکستان کے لیے متحد ہیں اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیوزی لینڈ کا واقعہ بہت افسردہ خطرناک ہے۔ مگر جس طرح وزیراعظم نیوزی لینڈ نے اس موقع پر کام کیا تو انہوں نے ثابت کیا کہ وہ واقعی ایک قابل وزیراعظم ہیں۔ انہوں نے ساری صورتحال کو انتہائی خوش اسلوبی سے سنبھالا۔ اس موقع پر مخدوم شعیب اکمل ہاشمی اور نعیم اقبال نعیم نے چیئرمین کشمیر کمیٹی منتخب ہونے پر سید فخر امام کو پھولوں کا گلدستہ اور مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سیدفخرامام جیسے دیانتداری قومی اور تجربہ کار سیاستدان کے چیئرمین کشمیر کمیٹی بننے سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح بھرپور طریقے سے اجاگر ہوگا اور انشاء اللہ مسئلہ کشمیر کے لیے سید فخر امام کلیدی کردار ادا کریں گے۔

فخر امام

مزید : ملتان صفحہ آخر