” اسد منیر کی مبینہ خودکشی کے بعد کچھ لوگ نیب کو خودکشی کی دھمکی بھی دے رہے ہیں کیونکہ ۔۔۔“ حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو چھ ہفتوں کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے تاہم وہ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے جس پر ن لیگ کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہاہے تاہم اسی دوران سینئر صحافی حامد میر نے نجی ٹی وی کے ساتھ خصوصی گفتگو میں نیب کی تحویل میں غیر سیاسی لوگوں کے حوالے سے انتہائی حیران کن دعویٰ کر دیاہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ ریٹائرڈ بریگیڈیئر اسد منیر کی خود کشی نے لوگوں کو ہلا کر رکھ دیاہے ، نیب نے کافی دیر تک اس پر خاموشی اختیار کی رکھی اور کل خود ہی چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ ذاتی طور پر انکوائری کروں گا ۔ حامد میر کا کہناتھا کہ میرے عمل میں ہے کہ کچھ غیر سیاسی لوگ بھی جیل میں بند ہیں اور ان کے خلاف بھی نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے اور وہ بھی خودکشی کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور اس سے پہلے ایک پروفیسر کی بھی موت ہو چکی ہے ۔
حامد میر کا کہناتھا کہ خدانخواستہ اگر نوازشریف کی طبیعت جیل میں مزید خراب ہو جاتی یاکچھ اور ہو جاتا تو اس کا سیاست پر بہت اثر ہو تا ۔ نوازشریف کے دونوں میڈیکل بورڈ ز کی رپورٹس کو غور سے پڑھیں تو انہوں نے کہا ہے کہ نوازشریف آٹھ دس بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔