اعتزاز احسن نے نواز شریف کی رہائی کو تاریخ کا پہلا ریلیف قراردیدیا

اعتزاز احسن نے نواز شریف کی رہائی کو تاریخ کا پہلا ریلیف قراردیدیا
اعتزاز احسن نے نواز شریف کی رہائی کو تاریخ کا پہلا ریلیف قراردیدیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان  پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف کو آؤٹ آف وے جاکررعایت ملی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ مجرم کی سزا معطل کرکے چھ ہفتے کیلئے رہائی ملی ہے ،مسلم لیگ ن  کے ساتھ کچھ زیادہ ترس ہورہا ہے،ملک بھر کی جیلوں میں  جتنے ذہنی دباؤ کے قیدی ہیں ان کیلئے بھی پٹیشن دائر کر دینی چاہیے۔

نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی نیوز‘ کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر اعتراز احسن نے کہا کہ رہائی جس طریقے سے بھی ہو اس پر خوش ہی ہوناچاہئے ، میاں صاحب کورہائی ملی ہے ، ان کو مبارک ہو ، نواز شریف کی رہائی پر حیران بھی ہو ں اور نہیں بھی ہوں،مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا ان پر کوئی آنچ تک نہیں آئی ، ن لیگ کے ساتھ کچھ زیادہ ہی  ترس ہورہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مجرم کی سزا معطل کرکے چھ ہفتے کیلئے رہائی ملی ہے ، ان کی رہائی پر ان کے خاندان اور پارٹی کوخوش ہوناچاہئے ، نواز شریف کو جو رہائی ملی ہے ، اس کی نظیر نہیں ملتی ، قانونی نقطہ اپنی جگہ لیکن ان کی رہائی پر ہمیں کوئی رنج نہیں ہے ۔ان کا کہناتھاسزا معطلی کی کوئی مثال ہوتی تو چیف جسٹس کی نظر سے گزری ہوتی ،میں خود جیل  کاٹ چکا ہوں ذہنی دباؤ ہم پر بھی ہوتا تھا،ذہنی دباؤ کیا ہوتا ہے؟ یہ کوئی بھی دلیل نہیں ہے، میاں صاحب پر ذہنی دباؤ  تو بہت ہوگا ان کی رہائی پر مجھے کوئی بھی رنج نہیں ،ا نہیں آؤٹ آف وے جاکر عدالت سے رہائی ملی، نواز شریف کو تو عدالت کا شکر گزار ہونا چاہیے،ان کو جو رعایت ملی اس کی نظیر نہیں ملتی، قانونی نکتہ اپنی جگہ پر لیکن ہمیں نواز شریف کی رہائی پر کوئی رنج نہیں۔بیرسٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی جیلوں میں جتنے بھی  ذہنی دباؤ کے قیدی ہیں ان کیلئے بھی پٹیشن دائر کر دینی چاہیے۔

مزید : قومی