کین ولیم سن کا صحت سے متعلق عملے کو خراج تحسین
ویلنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) نیوزی یلنڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کورونا وائرس کے باوجود ذمہ داریاں ادا کرنے پر صحت سے متعلق عملے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کین ولیم سن نے کورونا وائرس کے حوالے سے ڈاکٹرز اور نرسز کے نام کھلا خط لکھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم چند ماہ قبل سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ہم پر مہلک مرض کی وباءکورونا وائرس کی صورت میں آ جائے گی اور اب ہم اس وقت صحت کے بحران سے گزر رہے ہیں۔
ولیم سن نے کہا کہ آج ہم ان لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر کمزور لوگوں کا خیال رکھتے ہیں۔ ہم ڈاکٹروں، نرسوں، ایمبولینس عملہ سمیت دیگر صحت کے عملے کو سلام پیش کرتے ہیں جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی حفاظت کر رہے ہیں، انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں بلکہ ان کے پیچھے پورا ملک موجود ہے۔