حکومت نے 1795 ہوٹل بک کرلیے، ان میں کتنے ہزار کمرے ہیں اور ان کا کیا ہوگا؟
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین این ڈی ایم اے جنرل محمد افضل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں قرنطینہ کیلئے 1795 تھری سٹار اور فور سٹار ہوٹلز بک کرلیے گئے ہیں، 6 فائیو سٹار ہوٹلز کو بھی بیک اپ کے طور پر رکھا گیا ہے۔
پی آئی ڈی میں حکومتی نمائندگان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے جس دن کورونا وائرس پر کام شروع کیا تھا تو اس وقت پاکستان میں آئسولیشن بیڈز کی تعداد 700 تھی لیکن اب یہ 19 ہزار سے زائد بڑھ چکی ہے۔ ہمارے پاس قرنطینہ کی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار ہوچکی ہے۔ ہم نے 1795 تھری سٹار اور فور سٹار ہوٹل بک کیے ہیں جن میں 42 ہزار کمرے ہیں، ان میں ایک ایک بیڈ کے قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔ اگلی سٹیج کے طور پر 6 فائیو سٹار ہوٹلز کو بھی سٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے جہاں قرنطینہ بنائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں پبلک سیکٹر میں ایک لاکھ 94 ہزار میڈیکل ہیلتھ پریکٹینشنرز ہیں جن میں سے آئی سی یو میں کام کرنے والوں کی تعداد 30 ہزار ہے۔ آئی سی یو میں کام کرنے والوں کیلئے کٹس ڈیزائن کردی گئی ہیں جن میں این 95 ماسک، سوٹ، دستانے اور دیگر ضروری اشیا ہیں۔ یہ کٹس اگلے اتوار تک صوبوں کے ذریعے ان تک پہنچادی جائیں گی۔