”محمد حفیظ نے قومی ٹیم کیلئے صرف لمبے عرصے تک کھیلنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کو شرجیل خان کی قومی ٹیم میں مخالفت کے بعد کڑی تنقید کا سامنا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کے بعد سابق کرکٹر تنویر احمد نے بھی انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تنویر احمد نے اپنے بیان میں کہا ”میں محمد حفیظ سے یہ پوچھتا ہوں کہ وہ خود کو کیا سمجھتے ہیں؟ کیا آپ پی سی بی ہیں؟ کیا سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہے؟ کس کھلاڑی کو منتخب کرنا چاہئے، اس معاملے پر بات کرنا ان کا کام نہیں ہے۔ انہیں پہلے اپنی کارکردگی کو بہترب نا کر یہ ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ٹاپ کلاس کرکٹر ہیں۔ آپ نے بہت لمبے عرصے تک کرکٹ کھیلی ہے مگر اپنے کیرئیر کے دوران کچھ حاصل نہیں کیا۔“
انہوں نے کہا کہ”میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ ہمارے وہ سینئر کھلاڑی جو سپر سٹار بننے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے، ایسے بیانات کیوں دیتے ہیں۔ شائد وہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے 10 سے 12 سال کرکٹ کھیل کر بہت کچھ حاصل کیا ہے اور جو چاہیں وہ کہہ سکتے ہیں۔“
انہوں نے محمد حفیظ کے بیان پر فوری ایکشن لینے پر وسیم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ”وسیم خان نے حفیظ کو اپنے کام سے کام رکھنے کا کہہ کر بہت اچھا کیا ہے۔ اگر انہیں یہ سب پسند نہیں ہے تو وہ کرکٹ چھوڑ دیں۔ میں اس بات پر بھی یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حالیہ سیزن میں محمد حفیظ کی کارکردگی کو دیکھا جائے تو ان کی قومی ٹیم میں بھی جگہ نہیں بنتی۔“