مریم نواز کی نیب میں پیشی ملتوی،عمران خان جب بھی مشکل میں ہوتے ہیں نیب ان کی مدد کو آتا ہے،پی ڈی ایم جماعتوں کا اطہار یکجہتی پر شکریہ:نائب صدر (ن)لیگ

مریم نواز کی نیب میں پیشی ملتوی،عمران خان جب بھی مشکل میں ہوتے ہیں نیب ان کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نامہ نگار خصوصی،، نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، ) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو 26 مارچ  کو پیشی ملتوی کر دی ۔ نیب کا کہنا ہے کہ اس پیشی کو کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اسے اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ترجمان نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات اور مفاد عامہ کے پیش نظر مریم نواز شریف کی پیشی ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔نیب ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو سیکیورٹی اقدامات جلد ختم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ مریم نواز شریف کی پیشی کی نئی تاریخ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نیب کی وابستگی صرف اور صرف ریاست پاکستان اور عوام سے ہے۔ نیب کا کسی سیاسی گروہ یا جماعت سے کسی قسم کاتعلق نہیں ہے۔ ایسے تمام اقدامات کی نفی کرتے ہیں جن میں ادارے کو دباؤ میں لانے کیلئے حربوں کا استعمال کیا جائے۔ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس سردار سرفراز احمدڈوگر اور مسٹر جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل ڈویژن بنچ نے مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر کارکنوں کو ساتھ لانے پر پابندی کیلئے چیئرمین نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی،فاضل بنچ نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ اگر کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا تو قانون اپنا راستہ بنائے گا،ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے اورامن و امان کو برقرار رکھے، عدالت مریم نواز کونہیں روکے گی، کیس کی سماعت شروع ہوئی تو نیب کی طرف سے سپیشل پراسکیوٹر سید فیصل رضا بخاری عدالت میں پیش ہوئے،نیب کی درخواست میں مریم نواز کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیارکیا گیاتھا کہ نیب نے 26 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کو دو مقدمات میں طلب کر رکھا ہے جس پر مریم نواز نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ساتھ نیب میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے، مریم نواز نے دھمکی دی ہے کہ وہ اکیلی نیب میں پیش نہیں ہوں گی،مریم نواز کے بیان سے صاف ظاہر ہے کہ وہ انکوائری میں پیش ہونے کے بجائے نیب تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں، فاضل بنچ نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائے، فاضل بنچ کے سربراہ مسٹرجسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے نیب پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ یہ معاملہ عدالت کیوں لے آئے ہیں؟ ریاست کہاں ہے؟عدالت کو اس سیاسی کام میں کیوں لایا جا رہا ہے؟ نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ میں نے تو آئین کے آرٹیکل 5 کی عمل داری کے لئے درخواست دائر کی ہے،نیب تو چاہتا ہے کہ آرٹیکل 5 کے تحت مریم کو قانون کی پاسداری کرنے کا حکم دیا جائے، فاضل جج نے مزیدکہا کہ میری طرف سے رینجرز کو بلا کر لگا لیں، آپ عدالتوں کو کیوں ایسے معاملات میں شامل کرتے ہیں، ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے، کیا ریاست کو نہیں پتہ کہ اگر کوئی قانون پر عمل نہیں کرتا تو ریاست کو کیا کرنا ہے؟آپ کے پاس ڈپٹی کمشنر کی اتھارٹی ہے آپ وہاں جائیں۔
نیب طلبی


لاہور(جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ  ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، )مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب بھی نیب کا مالک عمران خان مشکل میں آتا ہے تو نیب مدد کو پہنچتا ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا نیب کے انتقام کے دن گزر گئے، جنتا انتقام نیب نے لینا تھا لے لیا، اب نیب کے لیے نرم شکار نہیں بنوں گی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نیب کے پیچھے اصل چہرہ عمران خان کا ہے، جب جب نیب کا مالک عمران خان مشکل میں آتا ہے تو نیب مدد کو پہنچتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے حراست کے 48 دنوں میں کیا ایسا پوچھا اور اب ڈیڑھ سال بعد کیا پوچھنے کی ضرورت پیش آ گئی، اگر نیب کے الزامات میں دم خم ہوتا تو وہ سیاسی الزامات نہ لگاتا۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے پیشی ملتوی کی گئی تو وزیراعظم نے اجلاس کیوں کیا، عمران خان نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی، اگر ایکشن لینا ہے تو عمران خان کے خلاف لیں، ملک میں قانون ہے تو وزیراعظم آفس پر بھی لاک ڈاؤن ہونا چاہیے۔نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ عوام نے، پی ڈی ایم نے اور خصوصاً مولانا فضل الرحمان نے میرا ساتھ دیا جس پر ان کی شکر گزار ہوں ر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے دڑ گئے، ووٹ کی پرچی جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ?ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے، عوام نے ووٹ تو ڈالنا ہے۔ ر مریم نواز نے  کہا  ہے کہ ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے اور عوام نے ووٹ تو ڈالنا ہے۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے  بیان میں  مریم نواز نے   کہا کہ کیوں ڈرتے ہو عوام سے، ووٹ سے اور یوم حساب سے؟ اس لیے کہ عوام تم سے بیزار ہے اور ووٹ کی پرچی تمہاری جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے!۔ مریم نواز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی اس لیے عدالت جاتے ہو کہ عوام کو ووٹ سے روکو اور کبھی اس لیے کہ مریم کے ساتھ عوام کو آنے سے روکو، تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے بھاگ گئے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ یہ ادارے عوام کے ہیں، عوام کے غیض و غضب سے تمہیں ادارے نہیں بچا سکتے، سلیکٹڈ الیکشن سے بھاگے گا نہیں تو اور کون بھاگے گا؟۔اس سے قبل  مریم نواز کی  نیب آفس میں پیشی کیلئے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی تھی۔مریم نواز  نے جاتی امراء کے بجائے ماڈل ٹاؤ ن سے نیب آفس روانہ ہونا تھا۔ حمزہ شہباز مریم نواز کے ہمراہ ریلی کی قیادت کرتے، اس حوالے سے لاہور ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، پارٹی عہدیداروں اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں دوسر طرف پی ڈی ایم رہنماؤں نے کہا کہ قانون حکومت کی لونڈی نہیں جب اور جہاں چاہیں ریڈ زون قائم کر دیں، ہم مریم نواز کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نیب آفس جائیں گے، ہمارے پرامن کارکنوں کو روکا گیا تو حالات اور کشیدگی کی ذمہ داری حکومت اور نیب پر ہو گی، مریم نواز کیخلاف سیاسی مقدمات بنائے گئے ہیں،حکومت نیب کو استعمال کر رہی ہے، کرائے کے ترجمان کہتے ہیں پی ڈی ایم کی کوئی حیثیت نہیں لیکن اب حکومتی ارکان کو پتہ چل گیا پی ڈی ایم کی کیا اہمیت ہے۔پی ڈی ایم آئینی راستہ اختیار کر یگی، عمران خان کی حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے، الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔پی ڈی ایم رہنماؤں کے اجلا س کے بعد صدر پیپلز پارٹی پنجاب قمر زمان کائرہ کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا مریم نواز کو نیب کا نوٹس انتقام، ظلم و جبر اور سیاسی انتقام پر مبنی ہے،نیب کو پولیٹیکل انجینئرنگ کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے،نیب کی عمارت کو مریم نواز کی پیشی کے موقع پر رینجرز کے حوالے کر کے اس پر مورچے بنائے جا رہے ہیں،نیب دفتر کے اطراف میں 3میل کے علاقے کو سیل کیا جا رہا ہے۔حکومت نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہوا تھا عدالت مریم نواز کو کارکنوں کیساتھ آنے سے روکے، حکومتی ترجمان کہا کرتے تھے مسلم لیگ (ن) کیساتھ کوئی نہیں۔وو ٹ کو عزت دو والے تشدد کا راستہ کبھی نہیں اپنا سکتے،اگر پرامن لوگوں کو پرامن رہنے کا موقع دیا گیا تو گارنٹی دیتا ہوں صرف مریم نواز کی گاڑی نیب آفس کے اندر جائیگی اور باقی سب باہر رہیں گے،اگر شہر کو بلاک یا سیل کیا گیا تو پھر معاملات کی ذمہ داری ان پر ہو گی۔ نیب کو ادارہ کہنا توہین ہے۔پی ڈی ایم 26نکاتی سیاسی ایجنڈے پر متحد ہے، ایک آدھ نکتے پر اختلاف کوئی اختلاف نہیں۔دوسری طرف  جمعرات کو لاہورمیں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب اور لیگی رہنما عطاء تارڑنے نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا نیب کو ایک مقدس گائے بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، جیل جائیں تو نوازشریف، شہبازشریف۔ شہزاد اکبر ایک ڈرپوک آدمی ہے، آپ کی ایک ایک حرکت کو دیکھ رہے ہیں، وقت آئے گا آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے، جتنے بھی اے ٹی ایمز ہیں وہ شہزاد اکبر کی معاونت سے جیبیں بھر رہے ہیں، سب سے پہلے شہزاد اکبر کو جیل میں ڈالیں گے۔تفتیشی ٹیم بھی مانتی ہے رائیونڈ اراضی کیس میں کوئی دم نہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے یہ کیس بنایا گیا ہے،۔ نیب ملک میں مذاق بن گیا ہے۔ادھر کوئٹہ میں میڈیا  سے گفتگو میں جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ آج 26مارچ کو نیب میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اظہار یکجہتی کریں گے اس مقصد کیلئے تمام جماعتیں کارکنوں کو متحرک کررہی ہے،نیب کی جانب سے سیاسی قائدین کی پگڑیاں اچھالنا اورانہیں مقدمات میں الجھانا ا نکامشغلہ ہے،بہت جلد ایسے ضمیر فروشوں کی نشاندہی کریں گے جنہوں نے پیسوں یا کسی اور وجہ سے ہمیں ووٹ نہیں دیا۔ حکومت میں چینی اور آٹا چور موجود ہیں، فارن فنڈنگ کیس کا سالوں سے فیصلہ نہیں ہورہا لیکن نیب کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے۔ جب نیب اور اس کے قوانین بنائے جارہے تھے تب بھی نیب کی مخالفت کی تھی، حکومت کا کوئی وژن اور کارکردگی نہیں۔
مریم نواز

مزید :

صفحہ اول -