لاہور میں کورونا کی تیسری خطر ناک لہر کے باوجودنادراسنٹر میں بے احتیاطی عروج پر
لاہور(افضل افتخار)صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود نادرا سنٹرز میں بے احتیاطی عروج پر ہے جس کے با عث کیسز میں مزید اضافہ ہورہا ہے،حکو مت کی جانب سے ایس او پیز جاری کرنے کے باوجود سنٹرز پر اس پر کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا اور لوگوں کی بڑی تعداد سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کو یکسر نظر انداز کر رہے ہیں۔ٹاؤن شپ اور میگا سنٹرز میں کورونا کے کئی کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد سنٹرز کو ہائی الرٹ کرکے یہاں پر ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں تھیں، مگر اس پر عملی طور پر کوئی عمل ہو ر ہا ہے نہ ہی اس حوالے سے عوام سنجیدگی اختیار کرتے نظر آرہے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی اقدامات بروئے کار نہیں لائے جارہے ہیں جس سے اندیشہ ہے مزید کورونا کیسز سامنے آسکتے ہیں۔نادرا میں اضافی ٹائم کے باوجود بھی عوام کارش کم نہیں ہورہا اور لوگ لمبی لائنوں میں کھڑے نظر آتے ہیں جبکہ انتظامیہ کے مطابق ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جارہاہے، عوام کے بے پناہ رش کی وجہ سے مشکلات ضرور پیش آرہی ہیں تاہم اس حوالے سے ایس او پیز اقدامات پر مزید سختی سے عملدرآمد کروائیں گے۔
بے احتیاطی
