سید عبدالرشید کی تحریک استحقاق خلاف ضابطہ قرار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعرات کو ایم ایم اے کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید کی ایک تحریک استحقاق جو سینیٹ الیکشن کے دوران سندھ میں ارکان اسمبلی کی خریدوفروخت سے متعلق تھی اسپیکر آغا سراج درانی نے خلاف ضابطہ قرار دیکر مسترد کردی۔سید عبدالرشید نے اپنی تحریک استحقاق ایوان میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارکان سندھ اسمبلی کی خریدوفروخت کرکے ایوان کا تقدس مجروح کیا گیا۔ سندھ میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ پر خصوصی کمیٹی بنائی جائے اورایوان کی خصوصی کمیٹی اس پورے معاملے کی چھان بین کرے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ کو سندھ اسمبلی میں جو تماشہ ہوا اس سے تمام ارکان اسمبلی رسوا ہوئے ہیں بعدازاں اسپیکر نے تحریک استحقاق خلاف ضابطہ قرار دیکر مستردکردی۔ایوان کی کارروائی کے دوران بجلی کے بلوں میں حالیہ اضافے کے خلاف پیپلزپارٹی کیرکن اسمبلی سعدیہ جاوید کی تحریک التوا بحث کے لیے منظورکرلی گئی جس پربحث پیر کو ہوگی۔
