اولمپکس مقابلوں کی تیاریوں کے دوران خاتون کھلاڑی کی آسمانی بجلی سے موت ہوگئی
سین سیلواڈور(مانیٹرنگ ڈیسک) وسطی امریکہ کے ملک ایل سیلواڈور کی 22سالہ اتھلیٹ لڑکی اولمپکس میں مقابلے کی تیاری کرتے آسمانی بجلی گرنے سے موت کے منہ میں چلی گئی۔ سی این این کے مطابق اس کھلاڑی کا نام کیتھرین ڈیاز تھا جو پروفیشنل ’سرفر‘ (Surfer)تھی اور آئندہ اولمپکس میں حصہ لینے جا رہی تھی۔ وہ گزشتہ روز ایل سیلواڈور کے جنوب مغربی ساحلی علاقے ایل تیونکو میں سمندر میں سرفنگ کر رہی تھی کہ اس پر آسمانی بجلی گر پڑی۔
ایل سیلواڈور کی سرفنگ فیڈریشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”کیتھرین بہت باہمت لڑکی تھی اور اولمپکس میں میڈل جیتنے کے لیے پرعزم تھی۔ اس کے اعزاز میں آئندہ ہفتے فیڈریشن کی طرف سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔“ کیتھرین کے چچا نے بتایا کہ وہ بھی اس وقت کیتھرین کے ساتھ پانی میں تھا تاہم اس سے کچھ فاصلے پر تھا۔ اچانک بجلی گرجی اور کیتھرین ایک جھٹکے سے دور جا گری جیسے اسے کسی طاقت نے سرفنگ بورڈ سے اٹھا کر دور پھینک دیا ہو۔“
