کرغستان کی پاکستانی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

 کرغستان کی پاکستانی تاجروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

  

لاہور (سٹی رپورٹر) کرغزستان کے وزیر خارجہ رسلان قازق بیف نے کہا ہے کہ کرغستان کے سیاحت و توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش ہے جس سے پاکستانی تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کر رہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ اس موقع پر کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف اور لاہور چیمبر کے صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیا۔۔وزیر نے کہا کہ کرغزستان اپنے سیاحت کے شعبے کے لیے مشہور ہے اور اس کا 90 فیصد رقبہ پہاڑوں پر مشتمل ہے، پاکستانی سرمایہ کار آگے آئیں اور کرغزستان میں ہوٹلز و ریزارٹس انڈسٹری میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان کے توانائی کے شعبے میں بھی بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے، پاکستانی سرمایہ کار چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس میں بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرغستان پاکستان کے راستے ٹرانزٹ ٹریڈ میں دلچسپی رکھتا ہے اور پاکستان کی بندرگاہوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقاتیں بہت مثبت تھیں،توقع ہے کہ ان ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔میاں رحمن عزیز چن نے کہا کہ پاکستان اور کرغستان کے درمیان دیرینہ بہترین تعلقات ہیں مگر دونوں ممالک ابھی تک مضبوط تجارتی شراکت دار نہیں بن پائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان بہت کم اشیا ء کی تجارت ہورہی ہے، کم تجارت کی وجہ ایک دوسرے کی مارکیٹوں کے بارے میں محدود معلومات اور بینکنگ چینلز کی عدم موجودگی نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرغستان کو ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، آلات جراحی اور آٹو موٹیو پارٹس کی برآمدات بڑھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جبکہ کرغستان آئی ٹی کے شعبے میں بھی پاکستان کی مہارت سے فائدہ اٹھاسکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے سی پیک کا بھرپور استعمال کرنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک منفرد جغرافیائی حیثیت کے حامل ہیں جس سے انہیں بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

مزید :

کامرس -