قافلے آ کر رہیں گے، راستے میں رکاوٹ نہ بنو، عبدالغفور حیدری

قافلے آ کر رہیں گے، راستے میں رکاوٹ نہ بنو، عبدالغفور حیدری

  

  اسلام آباد (این این آئی)جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ حکومت تصادم چاہتی ہے تاہم ہمارے قافلے آ رہے ہیں آ کر رہیں گے، راستے میں رکاوٹ نہ بنو، رکاوٹیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، ہم نے تین چار ماہ پہلے جلسے کا اعلان کیا تھا تو کیا ضروری تھا حکومت بھی جلسہ کرتی؟۔پی ڈی ایم کے مرکزی رہنما سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر نے اپوزیشن لیڈر اور قائدین کو بولنے نہیں دیا یہ بہت بڑی زیادتی ہے، تاریخ اسپیکر کے کردار کو کبھی بھی ٹھیک نہیں کہے گی۔انہوں نے کہا کہ اسپیکر تاخیری حربوں سے عمران کو نہیں بچا سکتے، عمران کے دن گنے جا چکے ہیں، کشتی ڈوب رہی ہے اور آپ اس کشتی کو ڈوبنے سے نہیں بچا سکتے۔جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ حکمران اکثریت کھو بیٹھے ہیں لیکن اس کے باوجود مسلط ہیں، اقتدار کیلئے ان کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں، بلوچستان کے قافلے رات کسی وقت ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ جائیں گے اور (آج) ہفتہ کو ہی کسی وقت جمعیت کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف روانہ ہوں گے جس میں قریبی اضلاع کے بھی قافلے شامل ہوں گے۔ 

عبدالغفور حیدری

مزید :

صفحہ آخر -