تحریک عدم اعتماد جیسے ہتھکنڈے وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،سبطین خان

  تحریک عدم اعتماد جیسے ہتھکنڈے وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے،سبطین خان

  

 لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد جیسے ہتھکنڈے حکومت یا وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ تحریک عدم اعتماد کا نتیجہ عمران خان کے حق میں ہی آئے گا اور عدم اعتماد کی تحریک لانے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے 27 مارچ کے جلسے میں میانوالی سے بڑا عوامی ریلہ شامل ہوگا۔ میانوالی اور اطراف سے لوگوں کی ریکارڈ تعداد عمران خان کو سپورٹ کرنے اسلام آباد جائے گی۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ اہلیان میانوالی کا عمران خان پر آج بھی ویسا ہی اعتماد برقرار ہے جیسا آغاز میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے آنے والے بڑے قافلوں میں میانوالی کا نام بھی شامل ہوگا۔ سبطین خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی میانوالی سے نسبت ہونے کی وجہ سے میانوالی کا حق ہے کہ وہ عمران خان کو دیگر شہروں سے بڑھ کر سپورٹ کرے۔

 سبطین خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی ٹکٹ سے جیتنے والے آخر تک تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ تاہم ناراض اراکین کے تحفظات دور کئے جا رہے، وقت آنے پر وہ ہمارا ہی ساتھ دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2028 میں بھی عمران خان ہی وزیر اعظم ہوگا اور مزید مضبوط ہو کر سامنے آئے گا۔ سبطین خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد جیسے ہتھکنڈے وزیر اعظم کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں میں مداخلت سے اجتناب رکھنے والا واحد وزیر اعظم ہے۔ دوسری جانب جنہوں نے اپنے دور میں اداروں کو استعمال کیا، انہیں عمران خان بطور وزیراعظم برداشت نہیں ہو رہا۔ سبطین خان نے کہا کہ اب اپوزیشن کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہیں دوبارہ باری نہیں ملے گی اور یہ اسی طرح جوڑ توڑ اور بھاگ دوڑ کرتے رہیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -