ملک کوانتشار کی نہیں استحکام کی ضرورت،قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے: عثمان بزدار

  ملک کوانتشار کی نہیں استحکام کی ضرورت،قوم عمران خان کیساتھ کھڑی ہے: عثمان ...

  

       لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزرا اور اراکین پنجاب اسمبلی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جس میں سیاسی امور اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منتخب نمائندوں کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقاتوں میں صوبائی وزراء اور اراکین پنجا ب اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پربھرپوراعتماد کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی مخالف عناصرپراپیگنڈا کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور مخالفین بے بنیاد الزامات کی سیاست۔ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔موجودہ حالات میں اپوزیشن جماعتیں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنا کر منفی سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہم سب متحد ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم کوعزت سے جینا سکھایا ہے اور پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 27مارچ کا جلسہ اپوزیشن کے خلاف عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن انتشار کی سیاست کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہے۔  اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انتشار پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔شکست اپوزیشن کا مقدر ہے۔قوم کل بھی وزیراعظم عمران خان کے سا تھ تھی، آج بھی ہے اورکل بھی رہے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بدل دے گا۔اسلام آباد کا جلسہ پاکستان کی سیاست میں ایک نیا موڑ ثابت ہوگا۔  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا بل تحریک انصاف کی حکومت کا تاریخ ساز اقدام ہے۔جنوبی پنجاب صوبے کا بل ہماری حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب ٹھوس قدم ہے اور انشاء اللہ پی ٹی آئی کی حکومت جنوبی پنجاب صوبہ بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام اور مکمل خود مختاری کا اعزاز بھی ہماری حکومت کو حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں محمد آصف نکئی، محمد اختر ملک،رائے تیمور بھٹی، تیمور لالی، وارث عزیز،ملک واصف مظہر راں، سلیم اختر اور دیگر شامل تھے۔دوسری جانب عثمان بزدارنے لاہور رائے ونڈ روڈ پر بچوں سے بدفعلی اور ویڈیوز بنانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ادھرعثمان بزدار نے سابق صدر پریس کلب ملتان و سینئر صحافی غضنفر شاہی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -