رمضان بازاروں میں چینی60آٹا30روپے فی کلو دستیاب

رمضان بازاروں میں چینی60آٹا30روپے فی کلو دستیاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان،راجن پور،جام پور(سپیشل رپورٹر، تحصیل رپورٹر،نامہ نگار)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے رمضان المبارک میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے 7 ارب روپے کے رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں 313 رمضان بازار لگائے جائیں گے-آٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازاروں میں مارکیٹ پرائس سے 120 روپے سستا ملے گا-رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 300 روپے میں دستیاب ہو گا- صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت تقریبا 3 ارب 50 کروڑ روپے سبسڈی دے گی- (بقیہ نمبر45صفحہ6پر)
رمضان بازاروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا- خریدارو ں کی زندگیو ں کے تحفظ کے لئے سماجی فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہو گا-رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی- زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں 2018 کے ریٹ کے مطابق صارفین کو دستیاب ہوں گی- دال چنا، بیسن، کھجوراوردیگر اشیا ضروریہ بھی رمضان بازارو ں میں 2018 کے نرخوں پر ملیں گی -رمضان بازاروں میں چینی 60 روپے فی کلو دستیاب ہو گی - گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ سے 10سے 15 روپے کم قیمت پر رمضان بازاروں میں ملیں گے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو مستقل بنیاد وں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلاں گا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے رمضان بازاروں کے انتظامات میں خصوصی بچت اور کفایت شعاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں کے انتظامات کیلئے کم سے کم اخراجات کئے جائیں اور اس مد میں بچائی گئی رقم کو عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے خرچ کیا جائے-غریب آدمی کو ہر صورت میں معاشی ریلیف دیں گے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ رمضان بازار کا آغاز 25 شعبان سے کیا جائے - انہوں نے کہا کہ میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا -صوبائی وزرا اور سیکرٹریز بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مشن میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے- وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا -اجلاس میں رمضان پیکیج کے حوالے سے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا اور وزیر اعلی عثمان بزدار نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے رمضان پیکیج کی منظوری دی۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان بازار سجانے کی تیاریاں کرلی ہیں اس سلسلے میں ضلع بھر میں 11 رمضان بازار قائم کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سرکاری ریٹس پر مکمل عملدرآمد کرانے کی ہدایت بھی کی ہے,ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رمضان المبارک کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رضوان نذیر نے بریفننگ دی,ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں آٹا،چینی سمیت درجن سے زائد اشیاء خوردونوش پر سبسڈی دی جائے گی جبکہ رمضان بازاروں میں مثالی صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام محکمے مقدس ماہ میں عوامی ریلیف کیلئے سرگرم ہوں تاکہ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں کو آخری عشرے میں عید بازاروں میں تبدیل کیا جائے گا اور عام مارکیٹ میں بھی مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
رمضان بازار