شہر میں صفائی کی یقینی بنانے کیلئے تمام ترصلاحیتں بروئے کار لائی جا ئیں: زبیر علی 

شہر میں صفائی کی یقینی بنانے کیلئے تمام ترصلاحیتں بروئے کار لائی جا ئیں: زبیر ...

  

         پشاور(سٹی  رپورٹر) میئر پشاو حاجی زبیر علی نے ڈبلیو ایس ایس پی حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں جبکہ جھاڑو کی جگہ متبادل نظام کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ یہ ہدایت انہوں نے گزشتہ روز ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے منعقدہ بریفنگ اجلاس سے خطاب میں کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور سید قدیم شاہ‘ پی ایس او نصرت اللہ‘ ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن ون سید وقاص شاہ‘ ٹی او ایف ٹاؤن ون نسیم کنڈی‘ سابق ناظم اللہ داد خان‘ ارباب فاروق جان‘ ڈبلیو ایس ایس پی کے جنرل مینیجر آپریشنز ریاض احمد خان‘ جنرل مینیجر پروجیکٹس ڈاکٹر محبوب‘ جنرل مینیجر زون بی عامر خٹک‘ زونل منیجر زون اے‘ مینیجر ہیڈ آفس اعجاز خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران ڈبلیو ایس ایس پی حکام نے میئر پشاور حاجی زبیر علی کو ادارے کی کارکردگی‘ ادارے کے دائرہ اختیار میں مزید 23 یونین کونسلوں میں شمولیت‘ زون ای قیام اور اس میں کام شروع کرنے‘ پینے کے صاف پانی کی فراہمی‘ پانی کے معیار و مقدار‘ گندگی ٹھکانے لگانے‘ ماڈلز سٹریٹس‘ پانی ٹیسٹنگ‘ شاہی کٹھہ کی صفائی اور دیگر امور اور درپیش مسائل بارے بریفنگ دی۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی شہریوں کو گھر کی دہلیز پر خدمات فراہمی یقینی بنائیں اس سلسلے میں جو بھی تعاون درکار ہو کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور بھر پور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی حکام شہریوں کو پانی کے بلز کی ادائیگی پر آمادہ کرنے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے باقاعدہ آگاہی مہمات کا سلسلہ شروع کریں اور شاہی کٹھہ کی صفائی کیلئے اگر تعاون کی ضرورت ہو تو لنڈی جائیرو کاپٹرز‘ الٹرا لائٹ جہازوں کے حوالے سے مشہور انجینئر قاضی سجاد کے خدمات حاصل کئے جا سکتے ہیں جو مخصوص مشین کے ذریعے صفائی میں مدد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات پر شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے مین ہولز بھی بند کرنے کی بھر پور کوشش کی جائیگی تاکہ شہریوں کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے اور اس کی وجہ سے کسی قسم کے حادثات رونما نہ ہوں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -