کیپرا کا مردان ریجن میں جاری ہفتہ رجسٹریشن اختتام پذیر
پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی میں شروع کیا جانے والا ہفتہ رجسٹریشن جمعہ کے روز چارسدہ میں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔مہم کے دوران سو سے زائد غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کو رجسٹر کیا گیا جبکہ درجنوں ایسے سروس فراہم کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی جن کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جائے گا۔ ہفتہ جسٹریشن ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی فیاض علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی تعاون و ترقی یو ایس اے آئی ڈی کے تعاون سے منعقد کیا گیا جس میں کیپرا کی ٹیموں نے مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی کے مختلف علاقوں کے دورے کئے اور سروسز شعبے سے وابستہ کاروباری افراد اور اداروں کو سیلز ٹیکس آن سروسز کے متعلق معلومات فراہم کیں اور ان کو موقع پر ہی کیپرا کے ساتھ رجسٹرڈ کیا۔ جمعہ کے روز کیپرا کی ٹیموں نے چارسدہ کے غنی خان روڈ پر واقع باغیچہ ریسٹورانٹ میں موبائل رجسٹریشن کیمپ لگاکر مختلف علاقوں میں کام کرنے والے افراد اور اداروں کو موقع پر رجسٹریشن فراہم کیں۔مہم کے دوران کیپرا کی ٹیم نے سو سے زائد افراد اور اداروں کو رجسٹریشن فراہم کی اور درجنوں افراد اور اداروں کی نشاندہی کی گئی جن کو ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا۔ اس موقع پر کیپرا کے ڈائریکٹر لیگل آفتاب احمد نے رجسٹریشن مہم میں معاونت فراہم کرنے پر یو ایس اے آئی ڈی کا شکریہ ادا کیا اور ان کی طرف سے مستقبل میں بھی کیپرا کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کی خواہش ظاہر کی۔آفتاب احمد نے مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور صوابی کی تاجر برادری کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کیپرا کی ٹیموں کو خوش آمدید کہا اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کیپرا کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی ٹیکس دہندگان کی آسانی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور اس طرح رمضان المبارک کے بعد ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ناران، کاغان اور گلیات میں رجسٹریشن مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔