ضلعی کارکردگی جائزہ اجلاس،کمشنر ملاکنڈ نے صدارت کی 

  ضلعی کارکردگی جائزہ اجلاس،کمشنر ملاکنڈ نے صدارت کی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)ضلعی کارکردگی جائزہ اجلاس کے تحت ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کی زیر صدارت اجلاس کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی اور اپنے اپنے اضلاع کی کارکردگی اجلاس میں پیش کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام نے اضلاع کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکموں کے افسران روزانہ کی بنیاد پر بازاروں میں صورتحال کا جائزہ لیں۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں کا انعقاد نہ صرف یقینی بنایا جائے بلکہ معیاری اشیاء خوردونوش مناسب قیمتوں پر عوام کو دستیاب کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر بھی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کی کارکردگی پیش کی گئی جس میں مختلف امور کے حوالے سے کارکردگی تسلی بخش نظر آئی۔ اجلاس میں پاکستان سیٹیزن پورٹل، انسدادِ تجاوزات مہم، ٹاسک مینجمنٹ سسٹم، قیمتوں کے تعین، معائنہ، کھلی کچہریاں اورگووڈ گورننس فریم ورک سے متعلق اضلاع کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان سیٹیزن پورٹل پر  نو اضلاع کو  639 شکایت موصول ہوئیں جن میں 247 کا بروقت ازالہ کیا گیا جبکہ دیگر پر کاروائی جاری ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت 36.8 کنال زمین واگزار کرائی گئی جس کی مالیت 60.91 ملین روپے ہے۔ ٹاسک مینجمنٹ سسٹم کے تحت امور کی بروقت انجام دہی 99 فیصد سے زائد رہی۔ اشیاء کی قیمتوں کا تعین کرتے ہوئے 11 منڈیوں میں قیمتوں کا تعین کیا گیا۔ قیمتوں اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے 20899 دکانوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 528 کو سیل، 4918 کو وارننگ جاری کی گئیں، جبکہ 4.19 ملین روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ اسی طرح انسپکشن کے عمل کے دوران 2129 مختلف سہولیات کا جائزہ لیا گیا جس میں سکولز، صحت کے مراکز، پٹوارخانے، ترقیاتی منصوبے اور مختلف سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں کل 13 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا جن میں 164 شکایات سنی گئیں۔ گوڈ گورننس فریم ورک کے تحت 7052 ڈومیسائلز کا اجراء کیا گیا، 839 فرد جاری ہوئے اور 16 لینڈ ڈیمارکیشن ہوئیں، جبکہ 529 انتقالات تصدیق کئے گئے۔ گزشتہ ایک ماہ میں 3160 لرنر لائسنس جاری ہوئے، 21 غیر قانونی مائننگ کی روک تھام جبکہ 89 غیر قانونی کرشنگ پلانٹس کو سیل کیا گیا۔ اضلاع نے ایک ماہ کے دوران 24 خصوصی اقدامات بھی کئے اور 70 بس اڈوں میں سہولیات کو بہتر بنایا گیا۔ اضلاع کی سطح پر جائزہ اجلاسوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے تحت گزشتہ ماہ 44 جائزہ اجلاس منعقد ہوئے۔