گومل زام ڈیم کی تکمیل سے خطے میں خوشحالی آئیگی: عامر لطیف

گومل زام ڈیم کی تکمیل سے خطے میں خوشحالی آئیگی: عامر لطیف

  

                پشاور(سٹاف رپورٹر)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر لطیف نے کہا ہے کہ گومل زام ڈیم کی تکمیل سے خطے میں خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں گومل زام کمانڈ ایریا منیجمنٹ کمیٹی کے گیارہویں اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس، آرمی افسران، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عارف اللہ اعوان، اسسٹنٹ ٹو کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر رودکوہی،اسسٹنٹ کمشنر ز ریوینیو ڈیرہ، ٹانک، پراجیکٹ منیجر گومل زام کمانڈ ایریا پراجیکٹ، کنڑیکٹرز، لینڈ اونرز، محکمہ ایریگیشن، پولیس، ایگریکلچر، لائیوسٹاک، واپڈا و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کو وارن کینال سمیت مختلف واٹر کورسز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس حوالے سے درپیش مشکلات و مسائل سے بھی آگاہی دی گئی  جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی آراء کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ عامر لطیف نے کہا کہ واٹر کورسز اور اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ گومل زام کمانڈ ایریا اور واٹر کورسز پر کام کرنے والے عملے کی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گومل زام پراجیکٹ کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیل انڈرز تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ زمیندار اس پراجیکٹ کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو پراجیکٹ کی تیز تر تکمیل کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کی بروقت اور معیاری تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -