بیروز گار وں، چوروں کا ٹولہ بوکھلاہٹ کاشکار ہو چکا ہے:  محمود خان 

    بیروز گار وں، چوروں کا ٹولہ بوکھلاہٹ کاشکار ہو چکا ہے:  محمود خان 

  

    پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپوزیشن کی طرف سے صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی باتوں کو لطیفہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسترد شدہ لوگوں اور سیاسی بے روزگاروں کا ٹولہ دو تہائی اکثریت والی حکومت کو گرانے کی بے تکی باتیں کرکے خود کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ خیبر پختونخوا کے ممبران اسمبلی عمران خان کے کھلاڑی اور سپاہی ہیں، وہ پہلے بھی کپتان کے ساتھ تھے، اب بھی ہیں اور آئندہ بھی کپتان کے ساتھ ہونگے۔ جمعہ کے روز مانسہرہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ممبران اسمبلی نہ جھکنے والے ہیں اور نہ بکنے والے، خیبر پختونخوا پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور یہاں کی عوام کا عمران خان پر بھر پور اعتماد ہے اور اس اعتماد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی عوامی مقبولیت میں پہلے سے کہیں زیادہ اضافہ ہوا ہے اور جس لیڈر پر عوام کا غیر متزلزل اعتماد ہو اس کا چند لٹیرے مل کر کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ آنے والے چند دنوں میں عدم اعتماد کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی اور عمران خان ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔ محمود خان نے کہاکہ 27 تاریخ کو عوام کا جم غفیر اسلام آباد پہنچ کر لٹیروں کو بتائے گا کہ عوام کا اعتماد صرف عمران خان پر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -