لاہور جلسے کے عوامی ریفرنڈم نے فیصلہ عمران خان کے حق میں سنا دیا،پرویز الٰہی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ لاہور جلسے کے عوامی ریفرنڈم نے فیصلہ عمران خان کے حق میں سنا دیا،شہبازشریف سن لیں! الیکشن سے راہ فرار ممکن نہیں۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کاکہناتھا کہ عمران خان اس وقت پاکستان کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں ،لاہور کے جلسے سے مخالفین کی اچھی طرح آنکھیں کھل گئی ہوں گی ۔
ان کاکہناتھا کہ نگران حکومت، پی ڈی ایم نے جلسے کے راستے میں ہر رکاوٹ کھڑی کی، مینار پاکستان عوام نے فیصلہ سنا دیا وہ آئین پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہبازشریف سن لیں! الیکشن سے راہ فرار ممکن نہیں،صدر مملکت نے شہبازشریف کیخلاف آئینی چارج شیٹ فریم کی ، جوابی خط سے کچھ نہیں ہوگا، ان کاکہناتھا کہ حکمرانوں کو آئین سے انحراف کا سپریم کورٹ کے سامنے جواب دینا ہوگا۔