پاکستان زرداری کی لوٹ مار اور خان صاحب کے دھرنوں کیلئے نہیں بنا: شہباز شریف

پاکستان زرداری کی لوٹ مار اور خان صاحب کے دھرنوں کیلئے نہیں بنا: شہباز شریف
پاکستان زرداری کی لوٹ مار اور خان صاحب کے دھرنوں کیلئے نہیں بنا: شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفر گڑھ (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر سیاسی حریفوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری پر بات کرنا وقت کا ضائع کرنا ہے، زرداری کی لوٹ مار اور خان صاحب کے دھرنوں کےلئے پاکستان نہیں بنا۔
جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں رجب طیب اردگان ہسپتال کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ وہ اگلے پانچ سال میں جنوبی پنجاب کو وسطی پنجاب کے برابر کھڑا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ان جنوبی پنجاب والوں سے جو جو رشتہ بن گیا ہے اسے صرف موت ہی توڑ سکتی ہے۔
شہباز شریف نے ہسپتال کے ایمرجنسی،اوپی ڈی،آپریشن تھیٹراو ردیگر وارڈز کادورہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ39 کروڑ76 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا،جنوبی پنجاب کا یہ ہسپتال کاطبی سہولتوں اورمعیار میں کسی اعلیٰ ہسپتال سے کم نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کاہیلتھ کلچربدل گیا، اب مظفرگڑھ والوں کو سی ٹی سکین کیلئے ملتان نہیں جانا پڑےگا جبکہ اس کی فیس بھی حکومت پنجاب ادا کرےگی۔
شہباز شریف نے پرائمری ہیلتھ سیکرٹری علی جان کی نیب میں پیشی کی وجہ سے غیر حاضری پر کہا کہ نیب آئینی ادارہ ہے ،جس کو چاہے بلائے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قانون کے آگے سرجھکانا ہوگا کیونکہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو قانون پر عمل کرتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی بیوروکریسی سب سے بہترین ہے اور یہاں کے سیکریٹریز علی جان جیسے لوگ انتہائی ایماندار ہیں لیکن پھر بھی نیب بلاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب نے مجھے بھی بلا چکا ہے اور دوبارہ بھی بلانا چاہے تو بلاسکتا ہے۔