”یہ چرانے کا ارادہ ہے کیا۔۔۔“ اسلام آباد کے ریسٹورنٹ نے لڑکا لڑکی کیساتھ ایسا اشتہار بنا ڈالا کہ پاکستانی بھڑک اٹھے، دیکھ کر ہی آپ کو بھی شرم آ جائے گی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں آئے روز کوئی نہ کوئی ایسا اشتہار بن ہی جاتا ہے جسے دیکھتے ہی عوام کے گال شرم سے لال ہو جاتے ہیں اور پھر سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہو جاتے ہیں جس پر پاکستانیوں کو کو تبصروں کا موقع میسر آ جاتا ہے۔
کچھ عرصہ قبل ایک اشتہار میں استعمال ہونے والے جملہ بہت مشہور ہوا تھا جو کہ کچھ یوں ہے”ایکسکیوز می۔۔۔ آپ بھی!!!“ یقینا یہ جملہ پڑھتے ہی آپ کو وسیم حسن شیخ اور ان کے بنائے ہوئے تمام اشتہارات یاد آ گئے ہوں گے مگر اب جو اشتہار سامنے آیا ہے وہ وسیم حسن شیخ کا نہیں بلکہ کسی اور کا ہی ”شاہکار“ ہے اور پاکستانیوں کے مطابق انتہائی ”بیکار“ ہے جسے دیکھنے کے بعد ہر پاکستانی ”شرمسار“ ہے۔
یہ اشتہار اسلام آباد میں واقع ”ٹینجلوز کیفے اینڈ گرل“ نامی ریسٹورنٹ کا ہے اور اسے دیکھنے کے دوران ہی آپ کے گال شرم سے لال ہو جائیں گے اور دیکھنے کے بعد ذہن میں سب سے پہلے ایک ہی سوال آئے گا کہ ”میں نے اس دنیا میں یہ کیا دیکھ لیا۔۔۔؟“
اشتہار شروع ہوتے ہی لڑکی کے منہ سے نکلنے والا جملہ ہی اشتہار کو پراسرار بنا دیتا ہے اور دیکھنے والا بے اختیار یہ سوال پوچھتا ہے کہ ”کیسا مزہ۔۔۔؟“
ابھی پہلے جملے کی پراسرار غلبہ پاتی ہی ہے کہ اشتہار میں چند سیکنڈ کیلئے نظر آنے والی دو خواتین کی اوور ایکٹنگ دیکھ کر سر چکرانے لگتا ہے حتیٰ کہ 2001 ءکی کرینہ کپور بھی اگر یہ اشتہار دیکھیں تو اپنی آنکھیں گول گول گھما کر اتنا تو ضرور کہیں گی کہ اوور ایکٹنگ پر ’ہتھ ہولا‘ رکھو۔
مارکیٹنگ ٹیم نے اس اشتہار کے ذریعے لڑکوں والا کام لڑکی سے کروانے کا سوچا کیونکہ آج کل ’عورتوں کے حقوق‘ کا لیبل لگا کر کوئی بھی ”منجن“ بیچنا انتہائی آسان اور منافع بخش کام ہے اور اس سے ناصرف عورتوں کے حقوق کی غلط تشریح ہوتی ہے بلکہ اس حوالے سے آواز بلند کرنے والی خواتین کے جذبات بھی مجروح ہوتے ہیں۔
بعد ازاں لڑکے اور لڑکی کے درمیان ہونے والی ”معنی خیز“ گفتگو بھی کچھ ایسی ہے جو اس سے پہلے آپ نے کبھی نہ سنی ہو گی۔ لڑکی پسند آنے والی کسی تصویر کے بارے میں پوچھتی ہے تو لڑکا ہاں میں جواب دیتے ہوئے اسے چرانے کی بات کرتا ہے ۔ حالانکہ حقیقت میں کسی نے ایسی کوئی بات کی ہو تو مصورہ کے منہ سے ایک ہی بات نکلے ”پہلے ہی بھوکی مر رہی ہوں اور تم پینٹنگ چوری کرنے کی بات کر رہے ہو۔“
اگلا سوال یہ ہوتا ہے کہ اگر پینٹنگ چرا کر پکڑے گئے تو جس پر جواب ملتا ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔ اب اس معاملے میں لڑکا تو سچ ہی بول رہا ہے کیونکہ یہاں انصاف کا حصول خاصا مشکل ہے بہرحال معاملے کا اختتام ایک ملاقات پر ہوتا ہے اور یقینا یہ ملاقات بھی اسی ہوٹل میں ہوتی ہے جس کیلئے اشتہار بنایا گیا ہے۔
اگلے ہی لمحے سکرین پر چلنے والے مناظر دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ دونوں میاں بیوی ہیں جن کی ایک سال پہلے شادی ہوئی اور وہ شادی کی سالگرہ منا رہے ہیں اور لازمی بات ہے کہ شادی کی سالگرہ منانے کیلئے اس ہی ر یسٹورنٹ کا انتخاب کیا گیا جس نے اس ”عجیب و غر یب“ اور شرمناک اشتہار کیلئے اپنا قیمتی سرمایہ ”ضائع“ کیا۔
یہ اشتہار جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو گرمی سے گھبرائے روزہ دار نوجوانوں کو جیسے تفریح کا موقع مل گیا اور پھر سامنے آنے والے تبصروں میں اتنا مصالحہ نظر آیا جو شائد اس ریسٹورنٹ پر ملنے والے کھانوں میں بھی نہیں ہو گا۔
ایک صارف نے لکھا ”ہاہاہاہاہاہاہاہاہاہا۔۔۔ یہ بہت ہی حیرت انگیز ہے، اوہ میرے خدا!!!“
ایک صارف کا کہنا تھا ”آسکر جیتنے والی اداکاری کی ہے“
ایک صارف نے کہا ”یار۔۔۔ اس طرح کے اشتہارات درد شقیقہ کا باعث بنتے ہیں“
ایک صارف نے لکھا ”ای ی ی ی ی ی ی۔۔۔ میں بہت ہی بے چینی محسوس کر رہا ہوں!!!“
ایک صارف نے کہا ”مجھے نہیں پتہ کہ میں اپنے آئی کیو لیول کے اچانک گرنے کا قصور وار تمہیں ٹھہراﺅں یا اس ویڈیو کو؟؟؟“
ایک اور صارف نے لکھا ”اس ویڈیو میں نظر آنے والا شخص ریپسٹ کی طرح لگ رہا ہے“
ایک صارف نے اشتہار میں اداکاری کرنے والے لڑکے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا ”میں نے اپنی زندگی میں یہ سب سے ڈراﺅنی چیز دیکھی ہے!!!“
ایک صارف نے لکھا ”اتنی عشق بازی۔۔۔ نوٹس لے لو“
ایک صارف کا کہنا تھا ”مصوری اور کالی ساڑھی!!! جان لیوا ہو گیا بھائی“
ایک صارف نے کہا ”میں تھوڑا سا مایوس ہوا ہوں کیونکہ انہوں نے وہ گانا شامل نہیں کیا ’چرا لیا ہے تم نے جو دل کو‘۔۔۔“
ایک صارف نے لکھا ”جب بھی یہ لڑکی اپنی بھنویں اچکائے تو شاٹ لو!!!!“
ایک صارف نے معروف ریسلر دی راک کی بھنویں اچکائے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ”ڈائریکٹر نے لڑکی سے کہا ہو گا کہ ہر منظر میں ’راک‘ کرتے ہیں“
ایک اور صارف نے لکھا ”یہ بار بار بھنویں اچکانا کیا تھا؟؟؟“
ایک صارف نے جلد از جلد ریسٹورنٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ”ہاہاہاہاہاہاہاہاہا۔۔۔ جتنی جلد ممکن ہو سکا اس ریسٹورنٹ میں جاﺅں گا“
ایک صارف کو یوں محسوس ہوا کہ جیسے ویڈیو میں ایک آواز آر جے خالد ملک کی بھی ہے جس نے لکھا ” اوہ خدا!!! انہوں نے اس کچرے کے وائس اوور کیلئے خالد ملک کی خدمات حاصل کیں“