چودھری پرویز الٰہی اور میاں محمود الرشید کی ملاقات ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر گفتگو
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے ملاقات کی جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے نام کے سلسلہ میں تبادلہ خیال اور مختلف ناموں پر مشاورت کی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ملاقات میں چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ صاف پانی سکیم میں بھی کرپشن اور کمیشن جبکہ شہبازشریف 10سال سے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنی حکومت کے آخری ایام میں میرے دورکے تیار منصوبوں پر جلدی جلدی اپنی تختیاں لگا رہے ہیں لیکن عوام کو پتہ ہے یہ کس کے کام ہیں۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کے سامنے مختلف اداروں کے دوروں کے دوران عوام نے مسائل کے انبار لگا دئیےاور لوگوں نے رو رو کر چیف جسٹس کے سامنے شہباز حکومت کے ظلم کی داستانیں بیان کیں۔