وزیراعظم عمران خان بغیر پروٹوکول ایسی جگہ پہنچ گئے کہ دیکھ کر لوگ حیران ہو گئے
کلرکہار(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعظم عمران خان بغیر پروٹوکول کے اچانک چکوال کے ہسپتال اور تھانہ سٹی تلہ گنگ جاپہنچے جس پر شہریوں کو حیرت کا سامنا کرنا پڑا۔
نجی نیوز چینل ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا سرپرائز وزٹ کیا اور مریضوں سے خیریت دریافت کی۔وزیر اعظم 20 منٹ تک ہسپتال میں موجود رہے اور انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی ایمرجنسی کے علاوہ او پی ڈی کا بھی معائنہ کیا جبکہ عمران خان کے ہمراہ سینیٹر فیصل جاوید خان بھی موجود تھے۔ ہسپتال کے مریض اور عملہ وزیر اعظم کو دیکھ کر حیران رہ گئے اور عمران خان کی آمد کا سن کر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ہسپتال میں وزیر اعظم کی آمد سے قبل ایک بچے کی پیدائش ہوئی جسے عمران خان نے پیار کیا اور پھر بچے کے والد نے اس کا نام بھی عمران خان رکھ دیا ۔بعدازاں وزیر اعظم نے تھانہ سٹی تلہ گنگ کا بھی معائنہ بھی کیا۔