بھارت کی نئی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں:شاہ محمود قریشی
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیار ہے، حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر تشویش ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتاہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بھارت مسائل مذاکرات کی میز پر حل ہوں گے نئی بھارتی حکومت سے مذاکرات کیلئے تیارہیں کیونکہ خطے میں قیام امن کیلئے مذاکرات ضروری ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت راہ پر گامزن ہے ، افغانستان خطے میں اہم ملک ہے، وہاں قیام امن سے علاقائی استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
حالیہ دہشتگردی کے واقعات پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں ایک بار پھر دہشتگردی بڑھ رہی ہے ، دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر تشویش ہے، اس کی وجوہات جاننا ضروری ہے، ماضی کی حکومتوں نے نیشنل ایکشن پلان پر کام نہیں کیا ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی پر قابو پایا جا سکتاہے۔
جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ، پی ٹی آئی نے نئے صوبے کے قیام کا بل اسمبلی میں جمع کرادیا ہے ، اس معاملے پر تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔