ورلڈ کپ ،معین خان کو وہاب ریاض کی شمولیت ہضم نہ ہوئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)معین خان نے وہاب ریاض کی سکواڈ میں شمولیت پرسوالات اٹھا دیے۔معین خان نے کہا کہ وہاب ریاض کو کس بنیاد پر سکواڈ میں شامل کیا گیا،پیسر نے پی ایس ایل میں اچھی بولنگ کی لیکن اس کے بعد اب تک کیا کارکردگی رہی،اس معاملے کو بھی دیکھنا ہوگا۔براہ راست ٹیم میں شامل کیے جانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ اگر کوئی طریقہ کار بنایا گیا تو اس کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے،دوسری صورت میں تنازعات سامنے آتے ہیں،ایک حالیہ ٹورنامنٹ میں وہاب ریاض کو بولنگ کرتے دیکھا تو بجھے بجھے نظر آئے، پیسر چھوٹے رن اپ سے بولنگ کررہے تھے،ہوسکتا ہے کہ ایسا بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے یا پھر پریکٹس نہ ہونے کی وجہ سے نظر آرہا ہو۔معین خان نے کہا کہ محمد عامر ایک سینئر بولر ہیں، ٹیم میں جگہ بنانے کیلیے ان کو اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کی ضرورت نہیں تھی، اگرچہ پیسر کی حالیہ فارم اچھی نہیں رہی لیکن انگلش کنڈیشنز میں وہ کامیاب ہوں گے، ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ میں سینئر کھلاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز میں بولنگ نہیں چل سکی،محمد عامر، وہاب ریاض اور شاداب خان کی واپسی سے یہ شعبہ مضبوط ہوگا، بولرز نے بھی بیٹسمینوں کی طرح بہتر کارکردگی دکھائی تو پاکستان نہ صرف سیمی فائنل تک رسائی پائے گا بلکہ ورلڈکپ بھی جیت سکتا ہے۔