ملک بھر میں فرزندان اسلام آج اعتکاف میں بیٹھیں گے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام آج ہوجائےگا جس کے بعد تیسرے عشرے کا آغاز یعنی عشرہ مغفرت شروع ہوجائے گا ایسے میں آج بعد نماز عصر سے لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے۔
اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں۔ اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں ٹھہرے رہنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔
کراچی سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان آج بعد نماز عصر اعتکاف میں بیٹھیں گے جبکہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے گئے ہیں۔اعتکاف میں بیٹھنے والوں کےلئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں جبکہ عام طور پر معتکفین کی سحروافطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔
آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین بھی خصوصی طور پر آج رات عبادت کا اہتمام کریں گے۔کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔
لاہور میں منہاج القرآن کی جانب سے بھی اعتکاف کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔محکمہ اوقاف کے زہراہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔