ایم این اے چوہدری نور الحسن تنویر کے اعزاز میں افطار ڈنر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ ن ریاض سعودی عرب کے نائب صدر چوہدری محمد مبین کی طرف سے انٹرنیشنل افیئرز کے جنرل سیکرٹری چوہدری نور الحسن تنویر (ایم این اے) اور ان کے رفقاء کار کے اعزاز میں پروقار افطار ڈنر دیا گیا۔ افطار کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں معروف سیاسی، کاروباری ، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی چوہدری نور الحسن تنویر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا ایسا مہینہ ہے جو اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف سے امت مصطفیٰ ﷺ پر خصوصی احسان اور فضل ہے، انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ اس ماہ مقدس کی پرنور ساعتوں میں وطن عزیز کی سالمیت ، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کریں کہ اللہ کریم پاکستان کو درپیش مسائل کو حل کرتے ہوئے اسے نہ صرف عالم اسلام بلکہ اقوام عالم کیلئے نمونہ بنا دے، تقریب کے میزبان چوہدری محمد مبین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ رمضان المبارک میں سجنے والی افطار کی تقاریب نہ صرف اجر و ثواب کا باعث ہوتی ہیں بلکہ آپس میں میل ملاقات اور روابط کی مضبوطی کا سبب بھی بنتی ہیں، تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی شریک ہوئیں۔