وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر ریلوے کی ملاقات،فلاح عامہ کے منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر ریلوے کی ملاقات،فلاح عامہ کے منصوبوں اور سیاسی ...
وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر ریلوے کی ملاقات،فلاح عامہ کے منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہاہے کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پراقرباءپروری کے کلچرکوفروغ دیا،سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کونقصان پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشیداحمدنے ملاقات کی ،جس میں فلاح عامہ کے منصوبوں اورسیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے میرٹ کے نام پراقرباءپروری کے کلچرکوفروغ دیا،سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث قومی خزانے کونقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلط پالیسیوں کاخمیازہ عوام کوبھگتناپڑا،سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پرقومی وسائل کابے دریغ ضیاع کیا،انہوں نے کہاکہ عوام کی بنیادی ضرورتوں کونظراندازکیاگیا،کرپشن کے ناسورنے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلاکیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کومقروض بنانے والے کس منہ سے رہنمائی کادعویٰ کرسکتے ہیں،کرپشن کرنےوالوں کامستقبل تاریک ہوچکا ہے،نئے پاکستان میں کرپشن کی گنجائش ہے نہ کرپٹ عناصر کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ”کرپشن فری پاکستان“ قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے،موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں ہر سطح پر بچت،سادگی اورکفایت شعاری کو فروغ دیا ہے،انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،میرٹ اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حکومتی امور سرانجام دے رہے ہیں،ہمارا عوام سے تعلق ہے اورعوام کے مینڈیٹ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ خدمت کاسفرمیں کسی کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا،نئے پاکستان میں ہرعلاقے کویکساں ترقی دیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی کی طرح مخصوص شہروں کیلئے وسائل مختص نہیں کیے جائیں گے، عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے،اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے،انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے کئے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سمت درست اور نیت نیک ہے، مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھائیں گے،ہم کام کرنے آئے ہیں اور کام کرکے دکھائیں گے۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -