’ہم اس بار ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دیں گے‘ انضمام الحق نے قوم کو امید دلادی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ اس بار پاکستان ٹیم روایت توڑتے ہوئے بھارتی ٹیم کو ورلڈ کپ میچ میں شکست سے دوچار کرے گی۔
انضمام الحق نے کہا کہ کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں، بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر پاکستان انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ میں فتح حاصل کرلے تو یہ بہت بڑی خوشی کی بات ہوگی۔ انضمام الحق نے امید ظاہر کی کہ اس بار پاکستان ٹیم انڈیا کے خلاف عالمی کپ میں شکست کا سلسلہ توڑنے میں کامیاب رہے گی۔
انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ کا مطلب صرف ہندوستان کے خلاف ہونے والا میچ نہیں ہے بلکہ باقی میچز میں بھی کامیابی حاصل کرنی ہے۔ پاکستان ٹیم میں دوسری ٹیموں کوہرانے کی صلاحیت موجودہے۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آچکی ہیں اور ہر بار فتح بھارت کے حصے میں آئی ہے۔