چیئر مین نیب سے متعلق چیزیں کیوں چلیں؟ محمد زبیر کا وزیر اعظم سے مشیر کے متعلق پارلیمنٹ میں وضاحت کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہاہے کہ چیئر مین نیب سے متعلق چیزیں کیوں چلیں، وزیر اعظم کو تحقیقات کرانی چاہییں، عمران خان اپنے مشیر سے متعلق پارلیمنٹ میں آکر بیان دیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ چیئر مین نیب سے متعلق چیزیں کیوں چلیں، وزیر اعظم کو تحقیقات کرانی چاہییں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی مایوسی ان کے بیانات سے ظاہر ہوتی ہے ،عمران خان کے نزدیک نیب وہ نہیں کررہاہے جو اسے کرنا چاہئے ، عمران خان اپنے مشیر سے متعلق پارلیمنٹ میں آکر بیان دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی ڈیل کی جو باتیں کی جاتی رہی ہیں، وہ اب ختم ہوجانی چاہئے ، یہ باتیں پچھلے سات آٹھ ماہ سے چل رہی ہیں،اس وقت ایک ہی بیانیہ ہے اور وہ ہے نواز شریف کا بیانیہ ، دوسری بات یہ ہے کہ جو مختلف بیانات آتے ہیں، اس کی وجہ کچھ رہنماﺅں کا پارٹی کے بیانیہ کو فالو نہ کرنے کی وجہ سے ہوتاہے ۔